ناصر جمشید کو رہائی تو مل گئی مگر ’برطانیہ بدری‘ کے مقدمے کا کیا بنے گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ناصر جمشید فکسنگ الزامات میں سزا پوری کرنے کے بعد جیل سے رہا ہو گئے ہیں جبکہ انگلینڈ سے ڈیپورٹ ہونے کا خطرہ بھی فی الحال ٹل گیا ہے مگر عدالت میں اس مقدمے کی سماعت ضرور کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فکسنگ الزامات میں 17ماہ قید کی سزا مکمل کرنے کے باوجود ناصر جمشید کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی، اوپنر برمنگھم میں مقیم ڈاکٹر اہلیہ کی بدولت ملنے والے ویزے پر انگلینڈ میں رہ رہے تھے اور برطانوی قوانین کے مطابق شہریت نہ رکھنے والے کسی شخص کو 12ماہ سے زائد کی سزا ہو تو اسے ڈیپورٹ کردیا جاتا ہے،اسی لئے انگلینڈ کے ہوم آفس نے ناصر جمشید کو جیل میں ہی رکھنے کی ہدایت دی تاکہ مستقبل کا فیصلہ کیا جا سکے۔
دریں اثناءاوپنر کے وکیل نے ان کو جیل میں رکھنے والے ہوم آفس کے کیس میں بھی ضمانت کروا لی جس کے بعد انہیں رہائی اور انگلینڈ رہنے کی اجازت تو مل گئی ہے مگر وہاں رہتے ہوئے وہ ڈیپورٹیشن کا کیس بھی لڑیں گے اور اس کا فیصلہ ان کیخلاف آنے کی صورت میں ڈیپورٹ کر دیا جائے گا۔