ایاز صاد ق نے اپنے بیان سے دشمن کو خوش کیا،حساب دینا ہوگا، معافی مانگنی ہوگی، اس سے کم بات نہیں ہو گی:شبلی فراز

ایاز صاد ق نے اپنے بیان سے دشمن کو خوش کیا،حساب دینا ہوگا، معافی مانگنی ہوگی، ...
ایاز صاد ق نے اپنے بیان سے دشمن کو خوش کیا،حساب دینا ہوگا، معافی مانگنی ہوگی، اس سے کم بات نہیں ہو گی:شبلی فراز

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایاز صادق نے کل اسمبلی میں بیان دے کر دشمن کو خو ش کیا۔ ایازصادق کو پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر سیدھی سیدھی معافی مانگنی ہوگی ،پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی مذمت کرنی ہوگی اور شرمندگی کا اظہار کرنا ہوگاورنہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے منفی بیانیے سے ملک دشمنوں کو خوش کررہی ہے، کوئٹہ میں آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایاگیا۔کسی بھی اپوزیشن رہنما کی جانب سے ایاز صادق کے بیان کی کوئی مذمت نہیں کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کی جانب سے ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر ثابت کیا گیاکہ وہ جس عہدے پر رہ چکے ہیں وہ اس کے اہل نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کوپارلیمنٹ میں آکر واضح طورپر معافی مانگنی ہوگی، اظہارشرمندگی کرنا ہوگا،انہیں سیدھی سیدھی معافی مانگنی ہوگی اس سے کم پر بات نہیں بنے گی ۔ پی ڈی ایم قیادت کو بھی اس بیان کی مذمت کرنا ہوگی،اس سے کم پر ہم راضی نہیں ہوں گے۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو پھر قانون اپناراستہ اختیار کرے گا۔ 

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ابھی نندن کو امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے رہا کیا گیا، ابھی نندن کو چھوڑنے سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفادات کونقصان پہنچایا جارہا ہے۔ اپوزیشن صرف اور صرف ذاتی مفاد کی وجہ سے اداروں کو ہدف تنقید بنا رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کو جلد واپس لا کر ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس نکلوائیں گے۔ 

مزید :

قومی -