ایاز صادق کے متنازعہ بیان پر عبد العلیم خان کی کڑی تنقید،ملک دشمن قرار دے دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبہ پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے لیگی رہنما سردار ایزا صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں پاکستان اور فوج کے خلاف مہم جوئی قابل مذمت ہے۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق انہوں نے کہاکہ ایاز صادق اپنے لیڈر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک دشمنی کر رہے ہیں۔ ذاتی مفاد کیلئے بھارت اور مودی کی خوشنودی حاصل کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے۔ سابق سپیکر ہونے کے ناطے ایاز صادق کو ایسا طرز عمل ہرگز زیب نہیں دیتا۔ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے ابھی نندن سے بھی دوستی نبھا رہے ہیں، ایاز صادق کو کیوں پاکستان سے زیادہ دشمن ملک کی فکر کھائے جا رہی ہے؟
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ ایاز صادق کسی ذمہ دارانہ عہدے کے قابل نہیں تھے۔ نواز لیگ میں فوج کے خلاف بڑھ چڑھ کر بیان بازی کا مقابلہ چل رہا ہے۔ ایاز صادق نے ایسی گفتگو کر کے انتہائی پست ذہنیت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے ہرگز قابل قبول نہیں ہیں۔ پاکستان کو بیرونی دشمنوں کی بجائے ایاز صادق جیسے اندرونی خطرات لاحق ہیں۔ قومی اداروں پر کیچڑ اچھالنے والے کسی طور بھی مذموم حرکات میں کامیاب نہیں ہونگے۔