عشرہ شانِ رحمتہ اللعالمین ﷺ اور الحمراء!

 عشرہ شانِ رحمتہ اللعالمین ﷺ اور الحمراء!
 عشرہ شانِ رحمتہ اللعالمین ﷺ اور الحمراء!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہادی برحق،سرور کائنات ؐ کا تذکرہ جب بھی کیا جائے باعث خیر و برکت،ہدایت و نجات کا ذریعہ ہے۔اگر ہم الحمراء آرٹس کونسل لاہور کی عشرہ شانِ رحمتہ اللعالمین ؐ کی سرگرمیوں پر نظر ڈالیں تو ہمیں ان میں جناب رسالت مآب ؐ کے ساتھ محبت و عقیدت کا والہانہ اظہار ملتا ہے۔ان تمام دنوں میں الحمراء حبیب خُدا سید المرسلینؐ کی ذات و صفات،اخلاق و اعمال کی لطافتوں،نزاکتوں اور فیوض و برکات کا مرکز بنا رہا۔ان تمام تقریبات کی اپنی انفرادیت اور خواص تھے جس کا ذکر میں سب سے پہلے کرنا چاہتا ہوں وہ محفل سماع ہے جس میں مشہور و معروف قوال فرید آیاز اور آبو محمد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سرکار مدینہ سرور سینہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ واسلم کی توصیف اور مدحت بیان کی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بُزدار نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی اور رسول اللہؐ کے ساتھ اپنے عاشقانہ،والہانہ انداز صدق و اخلاص اور قلبی گداز کا اظہار کیا۔اس محفل نے سننے والوں کے دلوں میں توکل و اعتماد اور صدق و صفا کی کیفیت طاری کر دی۔ محبت حضوری بڑی دولت ہے، جو اہل محبت کو دُنیا کی غلاظتوں سے نکال کر مدینہ پہنچا دیتی ہے اور پھر مدینے والے ؐکے قدموں میں ڈال دیتی ہے۔محفل سماع کی یہ تقریب شام 7بجے تھی،مہمان بڑی بے تابی سے قوالی سے اپنا ایمان تازہ کرنے کے لئے بے تاب تھے،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بُزدار اپنے مقررہ وقت پر تشریف لائے۔

اس موقع پر وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور،راقم الحروف اور ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر الحمراء آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔انکے ہمراہ ہمارے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال بھی تھے۔مہمانوں کوسب سے پہلے الحمراء آرٹ گیلری لے جایا گیا،جہاں الحمراء نے ایک عالیشان خطاطی کی نمائش کا انعقاد کر رکھا تھا،اسم محمدؐ پر مبنی اس نمائش میں پاکستان بھر سے 400آرٹسٹوں کے 450سے زائد فن پارے آویزاں کئے گئے تھے۔الحمراء نے اپنی اس نمائش کو کامیاب بنانے کے لئے بہت محنت و کاوش کی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بُزدار نے اس نمائش میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو میڈل پہنائے اور انعامات دیئے اور نمائش میں آویزاں فن پارے دیکھے،الحمراء کے اس احسن اقدام کی دل کھول کر تعریف کی۔جس پر ہم انکے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔بعد ازاں انھیں الحمراء کے رنگ برنگی روشنیوں سے سجے لان میں دف بجاتے اور نعتیں سناتے نوجوانوں نے خوش آمدید کہا۔الحمراء کو محسن انسانیت ؐکے مبارک اسم محمدؐسے بھرپور سجایا گیا تھا،یہ منظر اپنے انداز میں عقیدتوں کے اظہار کا مظہر تھا۔الحمراء کا تاریخی ہال نمبر 2قوالی سننے والوں سے بھر اہوا تھا،کوویڈ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کروایا گیا تھا۔

ہال آمد پر مہمانوں کو الحمراء آرٹس کونسل کی احسن روایت کے مطابق ہماری ثقافت کا حاض تحفہ”شال“پہنائی گئی۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران مجید سے ہوااور پھر ہال قوالی کے ایمان افروزاسرار ورموز سے کوئی ڈھائی گھنٹے گونجتا رہا۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بُزدار نے محفل سماع میں گہری دل چسپی لی،حمدیہ اور نعتیہ کلا م سنا،حاضرین وجد و سرور میں عارفانہ کلا م سے محظوظ ہوکر اپنا ایمان تازہ کرتے رہے۔محفل سماع میں پنجابی،اردو،فارسی عارفانہ و صوفیانہ کلا م پیش کیا گیا۔ ایسی وجد آفرین محفل جو انسان کی رگ رگ میں برگ ِگل کی نزاکت و مہکار بھر دے ٗالحمراء ہی کے پلیٹ فارم کا خاصا ہے۔محفل کے اختتام پر رقت آمیز دعا کی گئی،وزیر اعلی عثمان بُزدار نے سٹیج پر جا کر قوال ابو محمد کو گلے لگایااور داد یتے ہوئے کہا کہ محفل سماع صوفیا اور اولیا کی روایت ہے،پاکستانی قوالیوں نے اپنے فن سے دُنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔یہ تقریب دیکھنے والوں کو مدتوں یاد رہے گی۔


الحمراء آرٹس کونسل عشرہ شان رحمتہ اللعالمین ؐ کے اپنے اس عظیم سفر کو صاحب ِلوح و قلم ؐ،سید ِعرب و عجمؐ،اَبی و اُمی حضرت محمد رسول ؐ کے جمال ِجہاں آرا کی نذر کرتا ہے جس کی تابش سے رخسارِشمس و قمر،نجوم و کہکشاں عالمِ امکان میں روشنی بکھیرتے ہیں۔الحمراء میں عشرہ شان ِرحمتہ اللعالمینؐ کی تقریبات کا سلسلہ یکم ربیع الاول ہی کو شروع ہو گیا تھا۔ بھرپور تیاریاں کی گئی تھیں،الحمراء آرٹس کونسل کی ٹیم بہت محنتی ہے جو ہر ٹاسک کو کامیابی سے مکمل کرنے کا ہنر رکھتی ہے۔ہمارا مقصد سیرت نبی ؐ کو عام کرنا تھا، اسلامی ورثے کاپرچار کرنا تھا، قوالی کے فن کو فروغ دینا،نعت،حمد کی محفلیں سجانا ہے، نمائش،ورکشاپ کا انعقاد کرکے نوجوانوں کے فن کو جلا بخشنا اور انکی حوصلہ افزائی کرنا تھا،جس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے۔الحمداللہ


تقریبات کا سلسلہ 8اکتوبر2021 کو الحمراء ہال نمبر ایک کے پوڈیم سے محفل سماع سے ہوا جس میں معروف قوال خالد خانٗ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قوالی کی سعادت سے بہرہ ور ہوئے۔۔۔الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے نوجوان آرٹسٹو ں نے محفل نعت میں آنحضور ؐپر عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔۔۔الحمراء کے باقاعدہ سلسلے ”فنکار ہمارے“ میں عشرہ شان رحمتہ اللعالمین ؐ کی مناسبت سے نامور نعت خوان حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے اپنی مشہور و معروف نعتیں پیش کیں۔ہر روز ایک نیا پروگرام پیش کیا گیا۔ محفل میلا دمصطفی ؐکا روح پرور انعقاد بھی انہی تقریبات کا حصہ تھا۔ ہمارے ابھرتے ہوئے نوجوان قوال ندیم جمیل کی قوالی بھی الحمراء پلیٹ فارم کی زینت بنی۔۔۔وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے اسم محمد ؐ پرمبنی خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا…… مختصر یہ کہ میلاد نبی ؐکی محفلوں،نعتوں اور قوالیوں کی بار بار منعقدہ مجلسوں نے الحمراء میں ہر طرف نور ہی نور بکھیر دیے۔

مزید :

رائے -کالم -