عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری، راستوں کی بندش پر معذر ت: عثما ن بزدار

  عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری، راستوں کی بندش پر معذر ت: عثما ن ...

  

          لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں امن عامہ کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی جس پر ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے اجلاس میں شرکت کی۔ سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پنجاب میں پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کا مجموعی حجم ریکارڈ740ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔560ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے میں منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی نسبت رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں 66فیصد اضافہ کیاگیاہے۔سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 98 فیصد سکیمیں منظور کی جا چکی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اے ڈی پی کی سکیموں کی ہر سطح پر فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب اپنے ذرائع سے رواں مالی سال 400ارب روپے ریونیو وصول کرے گا۔3 ماہ میں 51ارب روپے یعنی ٹارگٹ سے 41فیصد زیادہ محاصل حاصل کرچکے ہیں۔گزشتہ برس ریونیو ٹارگٹ سے 18فیصدزائد یعنی 354ارب روپے وصولیاں کی گئیں اور رواں سال کا صوبائی ریونیو ٹارگٹ گزشتہ سال کی نسبت 28فیصد زیادہ مقرر کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیکٹرز کو 50ارب سے زائد ٹیکس رعائتیں دے رہے ہیں۔10سال میں پہلی مرتبہ 96فیصدترقیاتی فنڈز کے استعمال کا ریکارڈ قائم کیا۔پنشن سسٹم،ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور پراپرٹی ٹیکس میں دوررس اصلاحات لارہے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے ترکی کے قومی دن پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد دی ہے - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان میں ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل کے نام اپنے تہنیتی پیغام  میں ترکی کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر ترک سفیر کا شکریہ ادا کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل کو ترکی کے قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کے قومی دن پر اپنے بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں - پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ترکی نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت پر ترکی کے مشکور ہیں۔پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔سر دار عثمان بزدارسے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مہدی بھٹی اور رکن قومی اسمبلی شوکت بھٹی نے ملاقات کی جس میں  حافظ آباد کے ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت اور حلقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حافظ آباد سمیت ہر شہر کی ترقی کا عزم کر رکھا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -