فواد چودھری، شیخ رشید فرعونی لہجے میں بات کر کے جلتی پرتیل چھڑ ت رہے ہیں: مفتی منیب

  فواد چودھری، شیخ رشید فرعونی لہجے میں بات کر کے جلتی پرتیل چھڑ ت رہے ہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        کراچی(این این آئی)معروف عالم دین اور پاکستان رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہاہے کہ ناموسِ رسالت مآبؐ کا حوالہ حساس ہے، فواد چودھری اور شیخ رشید فرعونی لہجے میں بات کرکے جلتی پر تیل چھڑک رہے ہیں، یہ عمرانی اقتدار کی کشتی سے سب سے پہلے چھلانگ لگانے والوں میں ہوں گے، شیخ رشید کو معلوم ہونا چاہیے کہ جانثارانِ مصطفیؐ تمہاری طرح نہیں ہیں کہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر گلی میں گم ہوجائیں، وہ سینہ تان کر میدانِ عمل میں کھڑے ہیں، ان کے جذبہ حب الوطنی اور دینی حمیت کو مت للکارو۔جمعرات کو جاری بیان میں مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ انڈیا کے دلال وہ ہوسکتے ہیں جن کے آباؤاجداد نے مجاہدین آزادی کے خلاف انگریزوں کے کرائے کے سپاہی کا کردار ادا کر کے جاگیریں لیں۔انہوں نے کہاکہ ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی بھیک مانگنے والوں کو تحریک لبیک پاکستان کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے، یہ لوگ مسلسل جھوٹ بولتے چلے جارہے ہیں، وزیر داخلہ اوروزیر مذہبی امور تحریری معاہدے کر کے ان سے پھر جاتے رہے ہیں،اب ان پر کسی کو اعتبار نہیں رہا۔مفتی منیب الرحمن نے وزیر اعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیاکہ شاہ محمود قریشی،اسد عمراورپرویز خٹک پر مشتمل سنجیدہ افراد کے ذریعے مذاکرات کریں اور تحریک لبیک پاکستان کے امیر سمیت سارے قائدین کو رہا کر کے باوقار انداز میں ایک جگہ یکجا کریں۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کی تعیناتی سے اشتعال پھیلے گا، پی ٹی آئی کو اپنا ماضی یاد رکھنا چاہیے، جب وہ یوٹیلیٹی بل جلارہے تھے، لوگوں کو ترغیب دے رہے تھے کہ ریاست کو ٹیکس نہ دیں،پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر چڑھائی کر رہے تھے تو کیاوہ اس وقت مودی کے ایجنڈے پر کام کر رہے تھے، بھارت کے ایجنٹ تھے۔۔مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ مذہبی قوتوں کو سیاسی جماعتوں پر قیاس کرنا خود فریبی ثابت ہوگا، آپ زیادہ سے زیادہ کسی کو موت سے ڈرا سکتے ہیں اور جو ناموسِ رسالت پر گردن کٹانا اپنی آرزو بنالے، اسے کس بات سے ڈرا گے۔انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس معاملے سے بے تدبیری اور عاقبت نا اندیشی سے نمٹا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، داخلی انتشار بڑھے گا، ملک پہلے ہی معاشی وسیاسی عدمِ استحکام اور عالمی سطح پر مشکلات کا شکار ہے۔مفتی منیب الرحمن نے ٹی ایل پی کی قیادت سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حالات کی نزاکت کا احساس کریں اور صبرواستقامت اور تحمل کے ساتھ مسائل کے حل کی راہ نکالیں، تصادم کسی کے حق میں اور نہ ملک کے مفاد میں ہے۔
مفتی منیب 

مزید :

صفحہ اول -