کوئٹہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے ، عبدالقدوس بزنجو کے حق میں 39 ووٹ کاسٹ ہوئے ، نو منتخب وزیر اعلیٰ آج ہی عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔
عبدالقدوس بزنجو نے وزارت اعلیٰ کے لئے چند روز قبل گورنر بلوچستان کو سپیکر کا عہدہ چھوڑنے کیلئے استعفیٰ ارسال کیاتھا جو گورنر بلوچستان نےگزشتہ روز منظور کیا تھا۔ گزشتہ شام ہی انہوں نے وزارت اعلیٰ کے منصب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے وزارت اعلیٰ کے کاغذات نامزد نہیں کرائے ۔
میر عبدالقدوس بزنجو کا تعلق پسماندہ علاقے آواران سے ہے ، وزیر اعلیٰ منتخب ہونے سے قبل وہ سپیکر بلوچستان اسمبلی تھے ۔
اس سے قبل جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان تھے جنہوں نے اپنی ہی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی ( باپ) کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیا تھا ۔