امریکی سپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر حملہ کیا گیا ہے، میڈیا کے مطابق حملہ آور نے آج صبح پال پلوسی پر ان کی رہائش گاہ میں گھس کر ہتھوڑے سے حملہ کیا۔
نجی ٹی وی جیو نیو ز کے مطابق امریکا میڈیا کا کہنا ہے کہ 82 سالہ پال پلوسی کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور حملہ کی وجہ جاننے کیلئے پولیس تفتیش جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال پلوسی کے سر میں فریکچر کی سرجری کی گئی ہے اور ان کے بائیں بازو میں بھی گہرے زخم آئے ہیں، سپیکر نینسی پلوسی کی اپنے شوہر سے آپریشن سے قبل بات کروائی گئی تھی۔
سپیکر نینسی پلوسی کے ترجمان کے مطابق سپیکر نینسی پلوسی واشنگٹن سے سان فرانسسکو کیلئے روانہ ہو چکی ہیں، ہمیں امید ہے کہ پال بہت جلد ریکور کر جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت پال پلوسی نے پولیس کو کال کر دی تھی اور فون کاٹے بغیر رکھ دیا تھا تا کہ سامنے والا گھر میں گھسنے والے حملہ آور کے ساتھ ان کی گفتگو سن سکے۔
سان فرانسسکو پولیس کا کہنا ہے کہ جب پولیس نینسی پلوسی کے گھر پہنچی تو حملہ آور ہتھوڑے سے حملہ کر رہا تھا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اسے روک کر گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال حملے کے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن شبہ ہے کہ حملہ آورسپیکر نینسی پلوسی پر حملے کی غرض سے گھر میں داخل ہوا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے گھر میں گھسنے کے بعد کم از کم بھی دو بار چلا کر پوچھا کہ نینسی کہاں ہے، جس کے بعد اس نے کہا کہ جب تک وہ واپس نہیں آتی میں انتظار کروں گا۔
پولیس کا خیال ہے کہ یہ سیاسی تشدد کا واقعہ ہو سکتا ہے لیکن واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔واقعے کے بعد امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے سپیکر نینسی پلوسی کو کال کرکے پال پلوسی کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شدت پسندانہ عمل ہے اب ہمارے سیاستدانوں کو اپنے بیانات اور الفاظ کے چناو¿ سے پہلے سوچنا چاہیے کہ اس کا نتیجہ کیا نکل سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نفرت انگیزی اور شدتپسندی کی مذمت کرنی چاہیے۔
نینسی پلوسی امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم رکن اور ایوانِ نمائندگان کی سپیکر ہیں، پال پلوسی سے ا±ن کی شادی 1963 میں ہوئی تھی اور دونوں کے 5 بچے ہیں۔