بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کا اعلان ، دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری آئیں گے

Oct 29, 2024 | 02:18 PM

ننکانہ صاحب(ڈیلی پاکستان آن لائن  )ضلع ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات 14 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہیں گی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کے بارے میں دوسرا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، تمام اداروں کے سی اوز ، ریسکیو 1122 ، سول ڈیفنس ، ڈی ایس پی ٹریفک ، پولیس ، سکھ برادری ، سمیت تمام ضلعی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنم دن کی تقریبات میں دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب تشریف لائیں گے جس کے لیے تمام ادارے انتظامات کو مکمل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے شہر کے ان اور آؤٹ پوائنٹس پر چیک پوائنٹس قائم کیے جائیں گے ، ننکانہ سٹی کے تمام تعلیمی ادارے 14 ، 15 اور 16 نومبر کو بند رہیں گے جبکہ 15 نومبر کو ضلع ننکانہ صاحب میں عام تعطیل ہو گی۔ تقریبات کے دوران ننکانہ میں ساتوں گوردوارں کے گردونواح میں گوشت اور پان شاپس مکمل طور پر بند رہیں گی ، تقریبات کے دوران گوردوارہ جات سمیت ننکانہ سٹی میں سپشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس 24 گھنٹے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام گوردوارہ جات میں ایگزیٹ پوائنٹس کو کلئیر رکھا جائے ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیوی مشینری اور عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے گا۔سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے گوردوارہ جنم استھان میں تمام ممالک کی کرنسی ایکسچینج کے لیے کاؤنٹرز لگائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی اداروں کے سربراہان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تقریبات کے ایام میں ضلعی انتظامیہ کے تمام اداروں کے افسران و ملازمین چھٹیاں منسوخ ہونگی۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور پولیس کو ہدایت کی کہ تقریبات کے دوران گوردوارہ جات کے قریب کوئی بھکاری نظر نہ آئے ، فوری کارروائی کے لیے سپشل سکواڈ تشکیل دے دیا جائے اور بھکاریوں کے خلاف ابھی سے کارروائیاں شروع کی جائیں۔ سکھ یاتریوں کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جائے گا۔شہر بھر میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے ، کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شہر کی مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔جنم دن کی تقریبات کے دوران صفائی ستھرائی کے لیے سپیشل صفائی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، میونسپل ادارے شہر کو زیرویسٹ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی وی چینلز اور اخبارات کے نمائندگان کو کوریج کی اجازت ہو گی ، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور یوٹیوبرز کا گوردوارہ جات میں داخلہ ممنوع ہو گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 14 نومبر کو صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا ، بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے دوران بہترین انتظامات عالمی سطح پر پاکستان کے روشن امیج کے عکاس ہوں گی ، اندورن و بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کو بلا تقریق بہترین سہولیات کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہونگے انکو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں