تحفظ ناموس رسالت ﷺریلی:انتظامیہ نے کراچی میں استقبالیہ کیمپ اکھاڑ دیا، متعدد کارکن گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل، ہر صورت ریلی نکلے گی: سنی تحریک
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں جلسے جلوس پر پابندی لگانے کے بعد انتظامیہ نے آج نکالے جانے والے جلوس کے استقبالیہ کیمپ اکھاڑنے شروع کر دیئے ہیں۔ ڈان نیوز کے مطابق پولیس اور انتظامیہ نے سنی تحریک کا نمائش چورنگی پر لگایا جانے والا استقبالیہ کیمپ اکھاڑنے کیساتھ ساتھ وہاں موجود کئی کارکنوں کو بھی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ سنی تحریک نے پولیس کے اس ایکشن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کیمپ آج نکالی جانے والی تحفظ ناموس رسالت ﷺ ریلی کے شرکاءکے استقبال کیلئے لگایا گیا تھا۔ سنی تحریک کا کہنا ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی اور ہر صورت میں ریلی نکالی جائے گی۔انتظامیہ کے جلسے جلوس پر پابندی کے ساتھ ہی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے آج احتجاج کا اعلان کیا تھا اور سنی تحریک نے بھی پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق آج ہر صورت میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک ریلی پرامن ہو گی اور اس کے شرکاءقونصل خانے کے اطراف جمع نہیں ہوں گے۔