گل اور عمر سورج بن کر چمکے

گل اور عمر سورج بن کر چمکے
گل اور عمر سورج بن کر چمکے

  

ناکام بیٹسمینوں کی بھرمارکے باوجود پاکستان عمر گل اور عمر اکمل کی شاندار بیٹنگ کے دوران تاریخی جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان نے کپ کے حصول کیلئے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ عمر گل نے اپنی بیٹنگ کے ذریعے بتایا کہ نامور باﺅلر کو لائن اور لینتھ سے کیسے ہٹا کر چوکے چھکے لگائے جاسکتے ہیں۔ دراصل عمر گل کے بارے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کی حکمت عملی وضع نہیں تھی۔ وہ ایک غیرمستند اور پچھلے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین سمجھے جاتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کو میچ ہارنے کے بعد یہ اندازہ ہوگیا ہوگا کہ ان کی بیٹنگ کی ناکامی اور کھیل نے اسے اہم میچ میں شکست سے دوچار کیا ۔ میں جنوبی افریقہ کو ایک فیورٹ ٹیم سمجھتا ہوں مگر انہوں نے پہلے ہی میچ کو جیتنے کا ایک قیمتی موقع ضائع کر دیا ۔ دوسری جانب پاکستانی بیٹسمین بھی بھول چکے تھے کہ وہ بنگلہ دیش سے نہیں ساﺅتھ افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ چوبیس رنز کی ابتدا ہوچکی تھی جب عمران نذیر اور حفیظ قابل مذمت طریقے سے آﺅٹ ہوئے۔ عجلت اور جلد بازی پاکستان کی بیٹنگ کا خاصہ رہی ہے۔ کامران اکمل بلاوجہ کی گھبراہٹ کا شکار ہوئے۔ کپتان حفیظ بغیر صورتحال کا یقین اور احساس کیے آﺅٹ ہوئے۔ انہیں اندازہ نہیں کہ کپتان کا رویہ‘ فیصلے اور پرفارمنس ٹیم کے مورال پر کتنا اثر انداز ہوتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کا باﺅلنگ اٹیک بڑا شاندار ہے مگر اتنا ہیبت ناک بھی نہیں کہ پاکستان جیسی تجربہ کار ٹیم کو ایک سوتیس پر ڈھیر کردے۔ پاکستان کی باﺅلنگ نے وہ کچھ کیاجس کی توقع تھی۔ جب پاکستان کی صورتحال بتدریج خراب ہورہی تھی تو مجھے ان شائقین کرکٹ اور ان سے متعلقہ افراد سے ہمدردی ہوئی جو میچ کے سلسلے میں بڑے پرجوش تھے۔ پاکستان کی وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے فیلڈر اور باﺅلرز کی تیزی مستعدی اور ہوشیاری دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ جنوبی افریقہ نے پاکستانی بیٹسمینوں کی روایتی غیرذمہ داری اور کمزوری کا پورا فائدہ اٹھایا۔ آفریدی اس صورتحال کے کھلاڑی نہیں تھے نہ ہی انہوں نے اس سلسلے میں اپنی شہرت کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔ وہ صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ شعیب ملک اس وقت آﺅٹ ہوئے جب عمر اکمل کے ساتھ مل کر ایک اچھی شراکت کی بنیاد بن چکی تھی مگر وہ صرف 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ۔ میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی کرکٹرز کھیلنے اور سمجھنے کی صلاحیت سے مالا مال نہیں ہیں۔

مزید :

کالم -