بی سی سی آئی کا سالانہ اہم ترین اجلاس آج ہوگا
چنائی ( نیٹ نیوز) کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کا سالانہ جنرل اجلاس آج چنائی میں ہو گا۔ این سری نواسن دوبارہ صدارتی عہدے کیلئے میدان میں اتر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ بلا مقابلہ یہ انتخابات جیت جائیں گے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے انہیں بی سی سی آئی انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت دے رکھی ہے اور فتح کی صورت میں وہ آئی پی ایل کرپشن کیس سے اپنا نام کلیئر ہونے تک چارج نہیں سنبھال سکیں گے۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں انڈین پریمیئر لیگ کے نئے چیئرمین ، این سی اے ڈائریکٹر، نائب صدورکی تقرریوں سمیت آئی پی ایل گورننگ کونسل میں نئے ممبران کی شمولیت کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اہم ذمہ داری دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔