پاک فوج کے اب تک14 سربراہان میں سے صرف 4 اپنی سنیارٹی کی وجہ سے آرمی چیف کے عہدہ پر پہنچے صرف 3 مدت پوری کرسکے

Sep 29, 2013


اسلام آبا د( شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل )آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہوگی یا نہیں اگلے چند روز اہمیت اختیار کرگئے۔ پاک فوج کے اب تک 14 سربراہان میں سے صرف 4 اپنی سنیارٹی کی وجہ سے آرمی چیف کے عہدہ پر پہنچے ، 14 میں سے صرف 3 اپنی مدت ملازمت پوری کرسکے جبکہ 7 فوجی سربراہان نے اقتدار پر قبضہ کرنے یا دیگر وجوہ کی وجہ سے مدت ملازمت میں توسیع حاصل کی ۔ جنرل موسیٰ خان 1958ءسے 1966ءتک 8 سال صدر ایوب خان کے فیلڈ مارشل بن جانے پر فوج کے سربراہ رہے جبکہ جنرل ایوب خان 7 سال ، جنرل یحییٰ خان 5سال ، جنرل ٹکا خان 4سال ، جنرل ضیاءالحق 11سال ، جنرل پرویز مشرف 9 سال اور اشفاق پرویز کیانی رواں سال نومبر میں 6 سال پورے کرکے ریٹائر ہوں گے ۔ پاک فوج کے 14 سربراہان کی مدت ملازمت کی تفصیلات کے مطابق 1947ءمیں قیام پاکستان کے بعد فوج کے پہلے سربراہ جنرل سر فرینک والٹر اگست 1947ءسے فروری 1948ء، دوسرے سربراہ جنرل ڈگلس ڈیوڈ گریسی فروری 1948ءسے اپریل 1951ءفوج کے تیسرے اور پہلے پاکستانی سربراہ فیلڈ مارشل محمد ایوب خان 17 جنوری 1951ءسے 26 اکتوبر 1958ءتک ، جنرل محمد آغاز یحییٰ خان 18ستمبر 1966ءسے 20دسمبر 1971ءتک ، جنرل گل حسن 20 دسمبر 1971ءسے دو مارچ 1972ءتک رہے ۔ جنرل گل حسن کو ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹنے کی سازش میں ملوث قرار دے کر قبل از وقت فارغ کردیا گیا تھا۔ جنرل ٹکا خان 3مارچ 1972ءسے یکم مارچ 1976ء، جنرل محمد ضیاءالحق یکم مارچ 1976ءسے 17 اگست 1988ءتک ، جنرل مرزا اسلم بیگ 17 اگست 1988ءسے 16 اگست 1991ء، جنرل آصف نواز جنجوعہ 16 اگست 1991ءسے 8جنوری 1993 تک آرمی چیف رہے ۔ جنرل آصف نواز دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا جانے کی وجہ سے اپنی مدت پوری نہیں کرسکے تھے۔ جنرل عبدالوحید 12 جنوری 1993 سے 12 جنوری 1996 تک رہے ۔ جنرل جہانگیر کرامت 12 جنوری 1996ءسے 7 اکتوبر 1998ءتک چیف آف آرمی سٹاف رہے ۔ جنرل جہانگیر کرامت سے نیشنل سکیورٹی کونسل کی تجویز پیش کرنے پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے استعفیٰ لے لیا تھا اور جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف مقرر کیا جو 7 اکتوبر 1998ءسے 28 نومبر 2007ءتک چیف آف آرمی سٹاف رہے ۔جنرل اشفاق پرویز کیانی نومبر 2007ءسے تاحال چیف آف آرمی سٹاف ہیں ۔

مزیدخبریں