قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بے تاب ہوں، فواد عالم

قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بے تاب ہوں، فواد عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ان سے جس طرح کا سلوک کیا گیا وہ مایوس کن ہے لیکن پھر بھی وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بے تاب ہیں۔ فوادعالم نے 17 ماہ قبل ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری سکور بنائی تھی اور اس کے بعد انہیں دوبارہ ملک کی نمائندگی کا موقع نہ مل سکا۔ فواد عالم نے آخری بار 2010ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیم سے مسلسل نظر انداز کئے جانے پر انہیں بے حد مایوسی ہوئی لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ دوبارہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کیلئے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے رویے نے گہری چوٹیں دی ہیں جن کو کبھی نہیں بھلا سکوں گا اور آج تک کسی بھی اعلی حکام نے نہیں پوچھا کہ انہیں ٹیم سے کیوں ڈراپ کیا گیا ہے اور اس فیصلے کے پیچھے وجوہات کیا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سلیکٹرز اسی طرح کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو نظر انداز کرتے رہے تو پاکستان کرکٹ کی حالت کبھی بہتر نہیں ہو سکے گی۔ عالم نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں میری کارکردگی تسلی بخش رہی ہے لیکن اس کے باوجود مجھے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے لیکن میں سخت محنت کو جاری رکھوں اور دوبارہ ملک کی نمائندگی کروں گا۔