قابل طلبا میں لیپ ٹاپ کی تقسیم حکومت کا اہم اور موثر اقدام ہے، بیگم ذکیہ

قابل طلبا میں لیپ ٹاپ کی تقسیم حکومت کا اہم اور موثر اقدام ہے، بیگم ذکیہ

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ قابل طلبا میں لیپ ٹاپ کی تقسیم تعلیمی اداروں کو عصری تقاضوں سے روشناس کرانے کی جانب حکومت کا ایک اہم اور موثر اقدام ہے جس سے طلباء کو نیا حوصلہ ملے گا اور تعلیمی میدان میں سبقت لے جانے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگاکیونکہ تعلیم ہی کے فروغ سے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب نے یوتھ کی تعلیم و ترقی سے متعلق بہترین اقدامات کی روایت قائم کی ہے جو قابل تحسین بات ہے انہوں نے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دے کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انقلابی سوچ کو متعارف کروایا ہے ان کے استعمال سے ہمارے بچے دنیا میں ہونیوالی ریسرچ ،لیکچرز اورکورسز غرضیکہ ہر شعبہ سے متعلق علم و فہم سے استفادہ حاصل کر رہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ کیمپس میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 2کے تحت ہونہار طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارامستقبل اور امید ہیں، نوجوان تعلیم کے شعبے میں جدید وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھیں اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں۔ قابل طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم تعلیمی اداروں کو جدید عصری رحجانات سے روشناس کرانے کی جانب حکومت کا ایک اہم اور موثر اقدام ہے جس سے طلباء کو نیا حوصلہ اور ولولہ ملے گا اور تعلیمی میدان میں سبقت لے جانے کے رحجان میں بھی اضافہ ہو گا۔ تعلیم کے فروغ سے ترقی کاخواب شرمندہ تعبیرکیا جاسکتاہے اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیر نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز2 کے تحت یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے کیمپسز اور ڈویژنز کے 1734 طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے اپنے صدارتی خطاب میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے بہتر مستقبل کے لئے نوجوانوں نسل کا جدید تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ ہونا نہایت ضروری ہے اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم جیسے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاکہ ہمارے نوجوان طلبہ و طالبات بہترین تعلیمی و تربیتی عمل سے گزریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت حکومت کی طرف سے جو ذمہ داری ہمیں دی گئی، اس میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے، اب یہ ان طلبہ و طالبات کا فرض ہے کہ پوری محنت اور لگن سے عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق تعلیم حاصل کریں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر منظوم اختر، پرنسپل لائر مال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، پرنسپل بنک روڈ کیمپس پروفیسر ثمینہ ناہید، ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر رانا ابرار حسین، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ ڈاکٹر شہزادہ قیصر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر عمر سلیم، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عاشق حسین ڈوگر، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالستار، ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانشل ایڈ آفس محمد طاہر خان کچھی سمیت دیگر یونیورسٹی آفیسرز اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعدد موجود تھی

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...