آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21رنز سے شکست دے دی
بنگلورو (ڈیلی پاکستان آ ن لائن) آسٹریلیا نے بھارت کو سیریز کے چوتھے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 21رنز سے شکست دے دی، بھارت کی ٹیم335رنز کے ہدف کے تعا قب میں مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 313رنز بنا سکی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے چناسوامی گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کیلیے 335رنز کا ہدف دیا، بھارت کو ہدف کے تعاقب میں کامیاب اوپننگ سٹینڈ ملا، 106کے مجموعہ پر بھارت کی پہلی وکٹ گری جب اجنکیا رہانے 53 رنز بنا کر رچرڈسن کا شکار بنے، روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5چھکوں اور 1چوکے کی مدد سے 55گیندوں پر 65رنز بنائے اور ہینڈزکومب کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہو گئے، کپتان ورات کوہلی 21رنز بنا کر کولٹر نائل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے، ہردیک پانڈیا نے 41جبکہ منیش پانڈے نے 33رنز بنائے، جادھو نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 67رنز بنائے اور بھارت کی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، لیکن سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10گیندوں پر 13رنز بنا کر رچرڈ سن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، جس کے بعد بھارت کی ہار یقینی ہو گئی، مقررہ 50اوورز میں 313رنز بنا سکا، آسٹریلیا نے 21رنز سے سیریز میں پہلی فتح سمیٹی، آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈ سن نے 3، کولٹر نائل نے 2وکٹیں لی، جبکہ کمنز اور ایڈم زمپا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 334رنز بنائے، ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 231رنز کا اووپنگ سٹینڈ فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر نے 124رنز بنائے، جبکہ ایرون فنچ بد قسمتی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 94رنز پر ہردیک پانڈیا کو کیچ تھما بیٹھے، کپتان سٹیون سمتھ صرف 3رنز بنا سکے، ٹریوس ہیڈ 29جبکہ پیٹر ہینڈز کومب 43رنز بنا کر یادو کا شکار بن گئے، بھارت کی جانب سے امیش یادو نے 4کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جاددھو کے حصے میں ایک وکٹ آئی،
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز کا آ خری میچ اتوار یکم اکتوبر کو جمتھا میں کھیلا جائے گا، بھارت کو سیریز میں 3-1کی کامیابی حاصل ہے۔