موضع کوٹ نبی بخش ، قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن ، 10کروڑ کی سرکاری اراضی واگزار
لاہور(اپنے نمائندے سے)اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی نشاندہی پر موضع کوٹ نبی بخش مین فیروز پور روڈ واقع10کروڑ مالیت کی 3کنال سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی۔ موقع پر سرکاری اراضی پر کی جانے والی چاردیواری مسمار کردی گئی۔ پولیس اورریونیو سٹاف کی بڑی تعداد نے آپریشن میں حصہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ناجائز قابضین کو حتمی وارننگ دے دی گئی۔ مزید معلوم ہوا کہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن انور بریال نے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور سورس کی جانب سے مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں موضع کوٹ نبی بخش مین فیروز روڈ پر واقع3کنال اراضی کا وزٹ کیا تومعلوم ہوا کہ یہ رقبہ ملکیت صوبائی حکومت اور اس پر چوہان اسٹیٹ گروپ کے افراد نے قبضہ کررکھا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تصدیق ہونے کے بعد پولیس اور ٹاؤ ن انتظامیہ سمیت ریونیو سٹاف کی کثیر تعداد کیساتھ مل کر موقع پر آپریشن کرتے ہوئے پختہ چار دیواریاں مسمار کردیں اور قبضہ ریونیو سٹاف اور محکمہ پولیس کے سپرد کردیا۔ ذرائع کے مطابق یہ سرکاری اراضی10کروڑ مالیت کی ہے اورچوہان گروپ کے افراد نے اس پر عرصہ درا ز سے قبضہ جمارکھا تھا ۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن انور بریال کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی پر قبضے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ناجائز قابضین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائینگے۔ صبح 9بجے شروع کیے جانے والا آپریشن بغیر کسی مزاحمت کے 1بجے تک ختم کردیا گیا۔