تحریک انصاف ترمیمی بل پر سیاست کر رہی ہے،عابد حسین صدیقی
لاہور(پ ر)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ترمیمی بل پر سیاست کر رہی ہے۔ سینٹ میں انتخابی مہم کے بل کی منظوری کے وقت تحریک انصاف کے علاوہ ق لیگ اور جماعت اسلامی کے سینٹرز کا موجود نہ ہونا اِن جماعتوں کی رضا مندی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ دوغلی پالیسی اختیار کی اور کسی بھی وقت یوٹرن لینے کے ماہر ہیں لیکن عوام باشعور ہیں وہ اچھی طرح سمجھتے ہیں عوام اب سیدھی سادھی سیاست چاہتے ہیں یوٹرن اور محاذ آرائی کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دو ٹوک موقف اختیار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنے دو ٹوک موقف کی وجہ سے عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے انہوں نے جس طرح دہشت گردی پر دوٹوک موقف اپنایا دیگر معاملات میں بھی دوٹوک موقف رکھتے ہیں۔