’’پتلی تماشہ‘‘ اب بچوں اور فیملیز کیلئے فری کر دیا گیا
لاہور(فلم رپورٹر) لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں ہر اتوار کو صبح 11بجے پیش کئے جانے والا پروگرام ’’پتلی تماشہ‘‘ اب بچوں اور فیملیز کے لئے فری کر دیا گیا ہے، گزشتہ کئی برسوں سے جاری اس پتلی تماشہ پر اس سے پہلے 10روپے کا ٹکٹ وصول کیا جاتا تھا۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن عطا محمد خان نے یہ ٹکٹ ختم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پتلی تماشہ ہماری ثقافت کا ایک حصہ ہے اور الحمرا نے ہمیشہ ثقافتی ورثہ کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن عطا محمد خان نے کہا کہ اب آئندہ سے ہر اتوار کو بچے یہ پتلی تماشہ مفت دیکھ سکیں گے۔واضح رہے اس کے علاوہ بھی ہر اتوار کو بچوں کے دیگر پروگراموں میں عینک والا جن اور الہ دین کا چراغ الحمرا آرٹس کونسل مال روڑ جبکہ تعلیم اور نیا اجالا الحمرا آرٹس کونسل کلچرل کمپلیکس میں مفت پیش ہو رہے ہیں۔