خواتین کسی میدان میں بھی مردوں سے پیچھے نہیں : نیلم منیر
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ وماڈل نیلم منیرنے کہا ہے کہ آج کے دور میں خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے پیچھے نہیں ، تما م شعبوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں جس میں صفحہ اول کے طور پر شوبز ، صحت ،درس تدریس ، بینکنگ ، اےئر لائن ،سپورٹس اور پاک فوج میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصرو ف ہیں ،بعض شعبوں میں مردوں کی نسبت خواتین کی کارکردگی کا گراف بلند جارہا ہے ۔نیلم منیرنے کہاکہ جدید وقت کے تقاضوں کے باعث آج خواتین ہر شعبہ زندگی سے وابستہ ہوچکی ہیں اور صنف نازک ہونے کا تاثر بتدریج ختم ہوتا جارہا ہے اور اس رحجان کی شرح بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ہے مگر بدقسمتی سے آج بھی پاکستان کے دیہاتوں میں خواتین سے ناروا سلو ک کیا جاتا ہے یہ سب کچھ جہالت کی وجہ سے ہے جب تک دیہاتوں میں تعلیم کو فروغ نہیں دیا جائے گا اس وقت تک دیہاتوں میں رہنے والی خواتین کو اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی نہیں ہوسکتی اور نہ ان میں اعتماد پیدا ہوسکتا ہے۔
اس کیلئے وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ دیہاتوں میں بسنے والی خواتین بھی تعلیم یافتہ ہوکر اچھی زندگی بسر کرسکیں۔