بل گیٹس نے کی ونڈوز فون کے خاتمے کی تصدیق
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)مائیکرو سافٹ نے چند ماہ قبل ونڈوز فون 8.1 کے لیے سپورٹ ختم کردی تھی اور اب اس آپریٹنگ سسٹم کی ڈیوائسز کے خاتمے کا باضابطہ اعلان بل گیٹس نے اپنے ایک اقدام کے ذریعے کیا۔مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے ونڈوز فون کو ترک کرکے اب اینڈرائیڈ فون کو اپنالیا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا۔61 سالہ بل گیٹس نے یہ تو نہیں بتایا کہ وہ اینڈرائیڈ کا کونسا فون استعمال کررہے ہیں تاہم اندازہ لگایا جارہا ہے کہ وہ سام سنگ گلیکسی ایس 8 ہے۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اب وہ ایسا اینڈرائیڈ فون استعمال کررہے ہیں جس میں بہت زیادہ مائیکرو سافٹ سافٹ وئیر ہیں جو کہ سام سنگ گلیکسی ایس 8 کے مائیکرو سافٹ ایڈیشن کا اشارہ لگتا ہے، جس میں کمپنی نے متعدد سافٹ ویئرز دیئے ہیں۔رواں سال کے شروع میں مائیکرو سافٹ نے سام سنگ گلیکسی ایس ایٹ کے اس اسپیشل ایڈیشن کو اپنے ریٹیل اسٹورز میں فروخت کے لیے رکھا تھا۔اس فون میں مائیکرو سافٹ آفس، ون ڈرائیور، کورٹانا اور آؤٹ لْک سمیت متعدد مائیکرو سافٹ ایپس موجود ہیں۔بل گیٹس کوئی بھی اینڈرائیڈ فون استعمال کررہے ہوں مگر ایک بات واضح ہے کہ انہیں آئی فون میں کوئی دلچسپی نہیں، یہاں تک کے ماضی میں اپنے گھروالوں پر بھی وہ آئی فون اور آئی پوڈز کے استعمال کی پابندی عائد کرچکے ہیں۔