باغیوں کے خلاف فتح قریب آگئی، یمنی آرمی چیف
صنعاء(این این آئی)یمن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل طاہر العقیلی نے کہا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں اور مں حرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفاداروں کے چنگل سے ملک جلد آزاد ہوگا۔باغیوں کے خلاف فتح بہت قریب آچکی ہے۔عرب ٹی وی کے مطا بق مآرب گورنری میں 26 ستمبر کے انقلاب کی 55 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک فوجی پریڈ اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل العقیلی نے کہا کہ یمنی قوم اپنے صبر اور قربانیوں کا پھل عنقریب حاصل کرنے والی ہے، تمام محاذوں پر یمنی قوم باغیوں کے خلاف فتح کی خوش خبری جلد سنے گی۔
جنرل العقیلی نے یمن میں باغیوں کی سرکوبی کے لیے دیگر عرب ممالک کو ساتھ ملا کر آپریشن شروع کرنے پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا سعودی عرب کی قیادت نے یمنی عوام کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے تاریخی اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی اور علی صالح ایرانی اثرو نفوذ کو یمنی قوم پر مسلط کرنے کی سازشوں کا حصہ ہیں۔ یمنی باغیوں کے جرائم، قتل وغارت گری، افراتفری، بنیادی انسانی قدار کی توہین اور یمن کو ایران کی گود میں ڈالنے کی سازشوں سے بھرے پڑے ہیں۔میجر جنرل العقیلی نے کہا کہ یمنی عوام اور مسلح افواج باغیوں کے مذموم عزائم کو جلد خاک میں ملائیں گی اور فتح و نصرت یمنی قوم کی ہوگی۔