ریفرینڈم میں 93فیصد عراقی کردوں کا آزاد ملک کے حق میں ووٹ
اربیل(این این آئی)عراق کے خود مختار علاقے کردستان میں منعقدہ متنازع ریفرینڈم کے پہلے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق قریباً 93 فی صد عراقی کردوں نے خود مختار کردستان کی آزادی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کردستان کے الیکشن اور ریفرینڈم کمیشن کے حکام نے علاقائی دارالحکومت اربیل میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ریفرینڈم میں کل 3305925 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ ان میں سے 92.73 فی صد نے کردستان کی آزادی کے لیے ’’ ہاں‘‘ میں جبکہ 7.27 فی صد نے ’’ ناں‘‘ میں ووٹ دیا اور کردستان کی آزاد وطن کے طور پر عراق سے علیحدگی کی مخالفت کی، انھوں نے مزید بتایا کہ ریفرینڈم میں ووٹ ڈالنے کی شرح 72.61 فی صد رہی ہے۔ریفرینڈم میں کرد ووٹروں سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ کردستان کا خطہ اور اس سے باہر کردستانی علاقے ایک آزاد ملک بن جائیں۔ووٹروں نے اس سوال کے جواب میں’’ ہاں‘‘ یا ’’ناں‘‘ پر نشان لگانا تھا۔