ذوالجناح کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے سپیشل کنٹرول روم قائم
لاہور(کرائم رپورٹر)ذوالجناح کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کے لئے ایس پی سٹی اور ڈی سی آفس نادر ہال میں سپیشل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ جلوس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کے لیے جلوس کے روٹ پر 360سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ۔اس سلسلہ میں کمشنر لاہور ڈویژ ن عبداللہ خان سنبل،ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید اور ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے سی سی پی او لاہور امین وینس کے ہمراہ گذشتہ روز نثار حویلی اور مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام متعلقہ محکموں کی طرف سے کیے گئے انتظامات کو چیک کیا۔انہوں نے مرکزی جلوس کے لائسنس ہولڈرز اور آرگنائزرز کے ساتھ ملاقات کی اور اُن سے ابتک کیے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پرپولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر بہتر ین انتظامات کیے گئے ہیں۔جلوس کے لائسنس ہولڈرز اور آرگنائزرز نے بھی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈیوٹی افسران اور ملازمین کے ساتھ تعاون کریں۔