یاسر شاہ تیز ترین 150وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے سپنر بن گئے
ابو ظہبی (نیٹ نیوز) یاسر شاہ ٹیسٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے دنیا کے دوسرے اورپاکستان کے پہلے سپنر بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں لاہیرو تھریمانے کو آؤٹ کرکے حاصل کیا۔ اس طرح انہوں نے آسٹریلوی لیگ سپنر کلیری گریمٹ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے 28 ٹیسٹ میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں جبکہ یاسر شاہ نے 27 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس طرح انہوں نے وقار یونس کا ملکی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر وقار یونس نے بھی 27 ٹیسٹ میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ ٹیسٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے سڈنی برنیز کے پاس ہے، انہوں نے صرف 24 ٹیسٹ میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔