فیصل آباد میں بھی کاروباری خواتین کیلئے ویمن چیمبر قائم کردیا گیا

فیصل آباد میں بھی کاروباری خواتین کیلئے ویمن چیمبر قائم کردیا گیا

  

فیصل آباد ( بیورورپورٹ) خواتین پاکستان کی معیشت میں فعال کردار ادا سکتی ہیں ۔ ان کی بڑھتی ہوئی آبادی کی شرح کی وجہ سے انہیں قومی دھارے میں لائے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر فیصل آباد کی کاروباری خواتین اور بزنس انٹر پرینورز کے مسائل کے حل کیلئے خواتین کیلئے فیصل آباد وومن چیمبرقائم کیا گیا ہے ۔ یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے وومن چیمبر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر فیصل آباد چیمبر انجینئر محمد سعید شیخ ، سنیئر نائب صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں ، نائب صدر انجینئر احمد حسن، میاں جاوید اقبال، نومنتخب سنیئر نائب صدر فاروق یوسف، نومنتخب نائب صدر رانا فیاض احمد خاں دیگر ممبران ایگزیکٹو کمیٹی ، سیکرٹری جنرل فیصل آباد چیمبر عابد مسعود، وومن چیمبرکی سیکرٹری اقراء قدیر اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ میاں محمد ادریس کا کہنا تھا کہ خواتین معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے فیصل آباد اور اس کے گردو نواح کی خواتین کو موقع ملے گا کہ وہ اپنے مسائل کو گورنمنٹ لیول تک پہنچا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر انسان کو انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہے تب ہی ملک ترقی کر سکتا ہے کیونکہ ملکی ترقی کیلئے ہر فرد کا انفرادی کردار ضرور ی ہے۔ تاکہ وہ انفرادیت سے اجتمائیت میں تبدیل ہو جائے۔ اس لیے میں فیصل آباد کی بزنس خواتین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور اس چیمبر کی ممبر بنیں تاکہ وہ ملکی معیشت ‘ اپنے شہر کی معیشت اور خاص طور پر اپنے کاروبار کے فروغ کیلئے اپنا کردار اچھے طریقے سے ادا کرسکیں ۔

مزید :

کامرس -