طارق ملک کاٹی کے بلامقابلہ صدر منتخب
کراچی (اے پی پی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے نئے عہدے داران بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق طارق ملک کاٹی کے صدر، محمد سلمان اسلم سنیئر نائب صدر اور جنید نقی نائب صدر کے عہدوں کے لیے بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ، سینیٹر عبدالحسیب خان ، زبیر چھایا، ایس ایم نصیر، ایس ایم نسیم، اکبر فاروقی، فرحان الرحمٰن، گلزار فیروز ، ایس ایم الیاس، ایس ایم یحیٰ، شیخ فضل جلیل، سید جوھر علی قندھاری، احتشام الدین، سید فرخ مظہر، راشد احمد صدیقی، زاہد سعید ، نوید بخاری اور مجلس عاملہ کے اراکین نے نومنتخب عہدے داران کو مبارک باد پیش کی
اور امید ظاہر کی کہ وہ کاٹی کے پلیٹ فارم سے تاجر و صنعت کار برادری کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ذمے داریاں نبھائیں گے۔ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ کاٹی کے موجودہ صدر مسعود نقی، سینئر نائب صدر غضنفر علی خان اور نائب صدر عمر ریحان نے کاٹی کو ایک متحرک اور مؤثر ایسوسی ایشن بنانے اور بزنس کمیونٹی کی مؤثر نمائندگی کے لیے قابل تحسین خدمات انجام دیں۔ کاٹی کے نومنتخب عہدے داران ایک برس کی مدت کے لیے بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ کاٹی کے سبکدوش ہونے والے صدر مسعود نقی نے نومنتخب عہدے داران کو مبارکباد دی اور دوران صدارت تعاون کرنے پر کاٹی کے تمام ارکان، مجلس عاملہ کے ارکان اور اعتماد کا اظہار کرنے پر بالخصوص سرپرست اعلیٰ کاٹی ایس ایم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
kh/mhn/ifa 1751