انڈسٹری سے منسلک تمام لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،شیخ علاؤالدین
لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب انڈسٹری سے منسلک عام مزدور کو ہر قسم کا ریلیف دینے اور انڈسٹری مالکان کے جائز مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں،فیصل آباد میں انڈسٹری ایریا کیلئے مختص زمین کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کا سد باب کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی وزیر انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کے ہمراہ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز، پاکستان ہوزری مینوفیکچرنگ اور آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن پر مشتمل وفد کے نمائندگان سے سوشل سکیورٹی کے آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر ایکسپورٹ پروٹیکشن اتھارٹی کے نمائندگان اورکمشنر PESSI بھی موجود تھے،اجلاس میں سوشل سکیورٹی ڈسپنسری ، ہسپتال کی تعمیر اور انکو مزید فعال بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں سیکرٹری جنرل عزیز اللہ گوہر نے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزراء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل اور پیش آنیوالی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری ایکسپورٹ بتدریج نیچے آرہی ہے ،جسکی وجہ سے ہر سال ہماری انڈسٹری بری طرح متاثر ہورہی ہے اورانڈسٹریز کو بے تحاشہ ٹیکسز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،صوبائی وزیر انسانی وسائل کو بتا یا گیا کہ ہماری انڈسٹری میں ورکرز کیلئے فیصل آباد میں سوشل سکیورٹی کا ہسپتال موجود نہیں ہے اور نہ ہی کوئی برن یونٹ موجود ہے جسکی وجہ سے عام مزدور بری طرح متاثر ہورہا ہے،انڈسٹری کیلئے انوارمنٹ ماحول میں بھی نرمی کی جائے
،دفد کی جانب سے صوبائی وزیر انڈسٹریز کو اپیل کی گئی کہ فیصل آباد میں انڈسٹریل ایریا کیلئے 1000ایکڑ زمین کیلئے فیڈمک سے معاملات چل رہے ہیں اور پہلی قسط کی ادائیگی بھی کردی گئی ہے ،تاہم زمین کا قبضہ نہیں دیا جارہا، اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے،صوبائی وزیر انڈسٹریز نے وفد کو تمام جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی اور وفد کو تلقین کی کہ دو روز میں ایک تفصیلی پروپوزل بناکر دیں تاکہ مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو تاکید کی جاسکے،صوبائی وزیر انسانی وسائل نے کہا کہ آپ لوگوں کو ہر ممکن اور قانونی سہولت فراہم کرنا حکومت پنجاب کا اولین فرض ہے،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عا م ورکرز کو فوری ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
lh/m