کراچی ، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، القاعدہ اور داعش کے 5دہشتگرد ہلاک ، 1گرفتار

کراچی ، محرم الحرام میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، القاعدہ اور داعش کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) شہر قائد میں محرم الحرام میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا،مقابلے میں القاعدہ اور داعش سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گرد مارے گئے ۔ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں خفیہ اطلاع پر حساس اداروں اور پولیس نے چھاپہ مارا اور علاقے میں موجود دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیاتو دہشت گردوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور اسی دوران علاقے سے کچھ دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کاررو ائی کی گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔راؤ انوار کا کہنا تھا دہشت گرد محرم الحرام کے دوران ہی کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے جبکہ ان کے قبضے سے راکٹ، ا یک موٹر سائیکل اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔راؤ انوار کے مطابق یہ گروپ فرقہ ورانہ اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا جبکہ انہوں نے بغیر ڈرائیور چلنے والی ایک ریموٹ کار بنائی تھی،اس کار کو محرم کے دوران کسی جلوس یا کسی اور کارروائی کیلئے بھی استعمال کی جاسکتا تھا۔ دہشت گردوں پر چار پانچ دنوں سے نظررکھی ہوئی تھی تاہم ان کے فرار ہونے کا خدشہ تھا اس لیے اچانک کارروائی کی گئی۔ ایک ہلاک دہشت گرد انجینئر تھاجسکی شناخت عامر شریف کے نام سے ہوئی ہے اوروہ فیصل آباد کا رہائشی تھا۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق عا مر شریف ڈرون ٹیکنالوجی کا ماہر تھا اور اس نے بم نصب ریموٹ کنٹرول گاڑی بنا رکھی تھی جبکہ ایک اور ہلاک دہشت گرد کا تعلق سانحہ صفورہ کے ملزم سعد عزیز سے تھا۔ادھر ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کینٹ اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے داعش سے وابستہ مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔دہشت گرد کی شناخت خلیل الرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے داعش میں بھرتی کرتا تھا اور مختلف کالعدم تنظیموں کے 50 سے زائد فیس بک پیج بھی چلا رہا تھا، ان پیجز پر نفرت انگیز مواد سمیت دیگر چیزیں لوڈ کرتا تھا۔ دہشت گرد کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، اس کے قبضے سے 2 موبائل فون، کالعدم داعش کے 2 جھنڈے اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جبکہ موبائل فون کو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ دہشت گرد کیخلاف اسلام آباد میں واقع کاؤنٹر ٹیررازم ونگ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب ملزم کو کراچی کی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے حکام نے تفتیش کیلئے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

مزید :

صفحہ اول -