پنجاب میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا آغاز آئندہ ماہ کر دیا جائے گا : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایکسپو سینٹر میں محکمہ صحت پنجاب اور ترکی کی حکومت کے تعاون سے لگائی جانے والی 3 روزہ پاک میڈیکا میڈیکل ہیلتھ نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے طبی آلات و مشینری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے، خصوصاً پنجاب حکومت اور ترکی کے مابین صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے انتہائی تیزی سے اقدامات کئے گئے ہیں اور ایکسپو سینٹر میں لگائی جانے والے یہ نمائش بھی پنجاب حکومت اور ترکی کی حکومت کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاس ہے اور اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھے گا۔ نمائش میں جدید میڈیکل آلات اور مشینری رکھی گئی ہے اور ہیلتھ کیئر کے حوالے سے شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس پر میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم بن علی یلدرم، وزیر صحت ڈاکٹر احمت ڈیمر کن اور ترک کمپنیوں کا شکرگزار ہوں۔ نمائش میں شرکت کیلئے ترکی کی پارلیمنٹ کے ممبر برہان کیاترک بھی لاہور تشریف لائے ہیں اور ترکی کی معروف کمپنیوں کے سربراہ اور اعلیٰ حکام بھی نمائش میں شرکت کیلئے آئے ہیں اور ہم انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً صحت عامہ کے میدان میں تعاون کا سلسلہ چل رہا ہے اور دونوں حکومتوں نے مل کر ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا اور اسے صحت کے حوالے سے جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سروس کا آغاز اکتوبر کے اوائل میں کیا جائے گا اور موٹر بائیکس ایمبولینس سروس لاہور سمیت 9 ڈویژنوں میں بیک وقت شروع کی جائے گی۔ اس پروگرام کے حوالے سے بھی ترکی نے قابل قدر معاونت فراہم کی ہے۔ بلاشبہ اس ایمبولینس سروس کے آغاز سے تنگ گلیوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں بے پناہ مدد ملے گی اور بروقت فرسٹ ایڈ مہیا کی جاسکے گی۔ موٹربائیکس ایمبولینس سروس کیلئے عملہ بھی تربیت یافتہ ہوگا اور وہ ضروری ساز و سامان سے لیس ہوگا۔ یہ پروگرام پاکستان کے کسی بھی صوبے میں پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امید ہے کہ اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور صحت عامہ میں ہم مل کر کئی قدم آگے بڑھائیں گے جس سے دکھی انسانیت کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے اور یہی ہمارے تعاون کا نصب العین ہے۔وزیراعلیٰ نے پاک میڈیکا میڈیکل ہیلتھ نمائش کیلئے معاونت پر ترکی کی حکومت، صوبائی وزراء صحت، سیکرٹریز صحت، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عبدالباسط اور دیگر اداروں اور حکام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ترکی کی پارلیمنٹ کے ممبر برہان کیاترک، ترکی کے قونصل جنرل سردار ڈینیز، ترک وزارت صحت کے اعلیٰ حکام اور ترکی کی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، شیخ علاؤالدین، خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جرمنی کے سفیرمارٹن کابلرنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اورسکل ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے جرمنی کے سفیر کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھانے پر مارٹن کابلر کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف اورجرمن سفیر کے مابین جرمن اورعربی زبان میں گفتگوہوئی۔جرمن سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عربی اورجرمن زبان پر دسترس کی تعریف کی۔جرمنی کے سفیرمارٹن کابلرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کیلئے بہت کام کیا ہے ۔آپ ایک ویژنری لیڈر ہیں اورانتظامی لحاظ سے آپ کی صلاحیتیں غیر معمولی ہیں ۔آپ نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ میں تعاون کریں گے اوراس ضمن میں جرمنی اپنی مہارت اورتجربہ آپ سے شےئر کرے گا۔جرمن سفیر نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کی سطح پر بھی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورجرمنی بہترین دوست ملک ہیں اورجرمن ٹیکنالوجی دنیا بھر میں مسلمہ ہے۔ہم جرمن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اورپنجاب حکومت نے نوجوانوں کو فنی تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے کئی پروگرام شروع کررکھے ہیں۔تاہم اس چیلنج کو موقع میں بدلنے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عاشورہ محرم الحرام اور یوم عاشور کے موقع پرعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے امام بارگاہوں، مساجد، مزارو ں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیااورعاشورہ محرم الحرام پرامن عامہ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ۔وزیر اعلی نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام میں صوبہ بھر میں پرامن فضا ء کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اعلی پولیس و انتظامی افسران کے ساتھ بلدیاتی اداروں کے نمائندے بھی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے ، جنریٹرز ، لائٹس ،و اک تھرو گیٹس اور سکینرز سو فیصد چالو حالت میں ہونے چاہئیں اورضابطہ اخلاق کی پابندی پرسوفیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہبازشریف نے کہاہے کہ ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ کے تحت دور دراز علاقوں کے 20ہزار سکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کیاجائے گا۔اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے اور سب سے پہلے جنوبی پنجاب کے 10ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا۔قوم کے مستقبل کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے یہ پروگرام خصوصی اہمیت رکھتا ہے اوراس پروگرام پر انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے کام کرناہوگا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہ بات ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،جس میں ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں کو سولرپینلز کے ذریعے روشن کرنے کے پروگرام کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب