پاکستان صرف دہشتگردوں سے نبرد آزما نہیں رہا بھارتی جارحیت کا بھی سامنا کیا،اعزاز چودھری

پاکستان صرف دہشتگردوں سے نبرد آزما نہیں رہا بھارتی جارحیت کا بھی سامنا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(اے این این ) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز احمد چو دھری نے کہا ہے کہ پاکستان صرف دہشتگردوں سے نبرد آزما نہیں رہا بلکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم پڑوسی ملک بھارت کی جارحیت کا بھی سامنا کرتے رہے ہیں اور دہشتگردوں سے بھی لڑتے رہے ہیں،پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف سب سے بڑے آپریشن میں حصہ لے کر ملک دشمن عناصر کا صفایا کیا،دہشتگردی کیخلاف عالمی برادری کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چو دھری نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ میں بڑی اہمیت رکھتا ہے، پاکستانی افواج نے دہشت گردی کی جنگ میں بھی بہت قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے پڑوسی ملک کی جارحیت کا بھی سامنا کیا، 1965 میں بھارت کی جارحیت کو ہماری فورسزنے منہ توڑجواب دیا تھا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی امن فوج میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے اور اہم شراکت دار ہے،ہم یواین پیس مشن میں سب سے زیادہ فوج بھیجنے والا ملک ہیں، قیام امن کیلئے پاکستان کے فعال کردار کو دنیابھرمیں سراہاگیاہے۔ پاکستانی فوج کی دہشت گردی کی جنگ میں قربانیوں نے خطے میں امن بحال کیا۔ پاکستان کے گزشتہ سات عشروں سے امریکہ کے ساتھ ہمہ جہتی تعلقات ہیں۔ پاکستان مستقبل میں بھی امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اوردہشت گردی کی جنگ میں امریکہ کا بھرپورساتھ دے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف موثرکارروائی کی ، پاک فوج نے بڑے آپریشن میں حصہ لے کرریاست مخالف عناصرکا صفایا کیا۔تقریب میں امریکہ کے سول اورفوجی نمائندوں اورسفارتی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔
اعزاز چودھری

مزید :

صفحہ اول -