آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں امن و امان ، معاشی اعتبار سے بہتر تصویر پیش کر رہا ہے: صدر

آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں امن و امان ، معاشی اعتبار سے بہتر تصویر پیش ...

  

اسلام آباد (این این آئی)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں امن و امان اور معاشی اعتبار سے بہترتصویر پیش کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستانی عوام کے آہنی عزم، حکومت پاکستان اور ریاست کے تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے حالات میں تیز رفتاری سے بہتری آئی ہے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پوری قوم ،حکومت اور قومی اداروں کا دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے بھر پور ساتھ دے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو بین الاقوامی معاشی اداروں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ گزشتہ دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری توانائی کی کمی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی جس کا اثر قومی معیشت پر بھی پڑا۔ صدر نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت نے ایک جامع حکمت عملی کے تحت توانائی کے بحران پر مجموعی طور پر قابو پا لیا ہے اوراس سلسلے میں مستقبل کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بجلی کی پیدوار کے نئے منصوبوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ توانائی کی دستیابی سے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا اور ٹیکسٹائل سیکٹر کا شعبہ بھی ترقی حاصل کرے گا۔ صدر نے زور دیا کہ صنعتی شعبے کو ہم عصر دنیا کے برابر لانے کے لیے تحقیق پر مبنی نئے تکنیکی طریقوں کو اختیار کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ قومی معیشت میں گزشتہ باون سوں سے اہم کردار ادا کر رہا ہیاور اس سلسلے میں فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کی مصنوعات کے حوالے سے بڑی اہمیت حاصل ہے۔ صدر نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے سے ذاتی وابستگی کی وجہ سے وہ اس شعبے کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے وزارت خزانہ کو ٹیکسٹائل کے شعبے کی بہتری کے لیے تجاویز بھی دی ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے وطن عزیز میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔ صدر نے کہا کہ ان کے وسطی ایشیا کے ممالک کے دوروں میں وہاں کی قیادت نے اقتصادی راہداری خاص دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہمارا ٹیکسٹائل کا شعبہ اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے طلبا کو اقتصادی راہدداری سے بھرپور فائدے کے لیے تیار ی کرنی چاہیے۔ صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ ادوار میں قومی وسائل کا ضیاع ہوا جس کی وجہ سے قومی معیشت پرمنفی اثرات مرتب ہوئے ، صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبے نظر انداز ہوئے۔انھوں نے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے۔ صدر نے کہا کہ نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں جو ملکی بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر صدر نے ممتاز پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو گولڈ میڈل بھی دیے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -