پاک بحریہ مستقبل کی ضروریات سے پوری طرح آگاہ ہے ،ایڈمرل ذکاء اللہ

پاک بحریہ مستقبل کی ضروریات سے پوری طرح آگاہ ہے ،ایڈمرل ذکاء اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے زیرِ اہتمام ہر سال ماہِ ستمبر کے آخری ہفتے میں ورلڈ میری ٹائم ڈے عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان نیوی میں یہ دن IMOکے اشتراک سے 28ستمبر کو منایا گیا۔ میر ی ٹائم ڈے کے لیے رواں سال IMOکی جانب سے منتخب کردہ موضوع ’بحری جہازوں، بندرگاہوں اور عوام الناس کے مابین ربط‘ تھا جس کا مقصد بندرگاہوں اور بحر ی جہازوں کے درمیان موجودہ تعاون کو مستحکم کرنا تھا تاکہ بحری تجارت اور نقل و حمل کو محفوظ اور موثر بنا کرتمام ممالک کی معیشت اور عوام کے باہمی تعلق کو فروغ دیا جاسکے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان کو قدرت نے طویل ساحلی پٹی اور بے پناہ آبی وسائل سے نوازا ہے، ملکی سطح پر ان وسیع بحری امکانا ت کا مناسب ادراک نہیں پایا جاتا۔ CPECکے آغاز کے ساتھ پاکستان میں بحری سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی۔ لہذا ہمارے بحری شعبے کی منظم ترقی کے ضمن میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کی صنعت کے درمیان موجودہ اشتراک مزید اہمیت اختیار کرجائے گا۔ چنا نچہ اولین ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے اور اپنے عوام بالخصوص نوجوان نسل اور میر ی ٹائم انفراسٹرکچر کی استعداد کو بڑھانے کے لیے مناسب مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ملکی بحری وسائل سے دیرپا فوائد حاصل کیے جاسکیں۔ میری ٹائم سیکٹرکی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی ملک کے بحری شعبے کی مستقبل کی ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جو کہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔ پاک بحریہ نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن کا مقصد عوام الناس میں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا، بحری شعبے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور استحکام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالنا تھا۔ اس سلسلے میں جن پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تھا ان میں ہاربر کی صفائی، ٹاک شوز، مضمون نویسی کے مقابلے، خصوصی لیکچرز، بوٹ ریلیز ، پاک بحریہ کے سکولز اور کالجز میں مختلف پروگرامز اور عوام الناس کے لیے پاکستان میری ٹائم میوزیم میں فری انٹری اور میری ٹائم گالا کا انعقاد جس میں خصوصی اسٹالز کا قیام شامل تھے۔ورلڈ میری ٹائم ڈے کی مرکزی تقریبات سے قبل پاکستان نیوی نے پی این وار کالج لاہور میں ’محفوظ سمندر۔ خوشحال پاکستان‘ کے عنوان سے پندرہ روزہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے تمام انتظامی اداروں کے درمیان ’بحری جہازوں، بندرگاہوں اور عوام الناس کے درمیان ربط ، پاکستان کو درپیش چیلنجزاور پیش رفت کے امکانات ‘ کے موضوع پر مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس کا مقصد بحری وسائل کی اہمیت اجاگر کرنا اور ان سے بھرپور استفادے کے لیے ضرروی اقدامات کی نشاندہی کرنا تھا۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے اور اس طرح کے دیگر ایونٹس عالمی معیشت میں بحر ی صنعت کے کردار پر توجہ مبذول کروانے اور عوام میں بحری شعبے سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان نیوی ایک محفوظ بحری ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ پاک بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی تمام ذمہ داریوں کی موثر ادائیگی کے ذریعے ملک کی بحری معیشت کے استحکام اور فروغ میں بھی مدد کررہی ہے۔ پاک بحریہ ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے اورپاکستان کے بحری وسائل کے صحیح ادراک اور اس کی ترقی کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔