محکمہ ایکسائز میں سزا وجزا کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے: میاں جمشید
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل کی زیر صدارت جمعرات کے روز محصولات پر نظر ثانی سے متعلق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن آفس واقع شامی روڈ پشاور کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ایکسائز جاوید خان مروت،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز انور خان اور صوبے کے تمام اضلاع کے ایکسائز و ٹیکسیشن کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کا ریکوری سے متعلق مرحلہ وار جائزہ لیا گیااور مجموعی طورپر محصولات کے اہداف کے حصول پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔اجلاس میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے اجراء اور اسپیشل کمیٹی برائے محصولات کے حوصلہ افزاء نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں چند ایک اضلاع میں محصولات کے ضمن میں حائل رکاٹوں کو دور کرنے سے متعلق ذمہ داروں کو ٹھوس حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا کہ محصولات کے اہداف کے حصول میں نمایاں بہتری افسران اور اہلکاروں کی فعال کارکردگی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ ایکسائز میں سزا و جزا کی پالیسی پر سختی سے عمل کیاجا رہا ہے جس کے تحت ایماندار اور محنتی عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکیں۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز نے اے ٹی او پشاورIIIکو محصولات کا ہدف سو فی صد حاصل کرنے پر تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعامات دینے کی سفارش کی۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو سختی سے تاکید کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائیں جو ان کی دنیاوی و آخروی زندگی میں کامیابی کی ضامن ہیں۔