صوبے کیپس ماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی ہماری سیاست کا مطمع نظر ہے: سید مظفر
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی ہماری سیاست کامطمع نظر ہے جس کے لئے ہرسطح پر ہماری کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے غریب عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑٰیں گے اور بلاکسی تفریق ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ہماری جدوجہد جاری وساری رہے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آج لوئیر دیر کے علاقے دوشخیل کے موضع میٹھا اورملاکنڈ ایجنسی درگئی کے علاقے سیلئی پٹے میں الگ الگ شمولیتی اجتماعات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اورکارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ واضح رہے کہ دوشخیل کے موضع میٹھا کے پورے گاؤں جبکہ درگئی کے علاقے سیلئی پٹے سے مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار ڈسٹرکٹ کونسل ڈاکٹر محمد خالق نے درجنوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں باضابطہ طورپر شمولیت کااعلان کیا۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک سے کرپشن اوربدعنوانی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے سب سے پہلے اپنی مہم کااغاز کیا کیونکہ اس ملک کی معاشی بدحالی کاسب سے بڑا محرک کرپشن مافیاہے اور اس میں سب سے آگے ملک کے حکمران ہیں جنہوں نے عوام کا مینڈیٹ لیتے ہوئے برسراقتدار آنے کے بعداپنے ذاتی فوائد کے لئے استعمال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں دوردراز اورپسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی سرفہرست ہے یہی وجہ ہے کہ صحت ،تعلیم، مواصلات وتعمیرات اوردیگر شعبوں میں کئی اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے متعارف کردہ بلدیاتی نظام کی بدولت بھی عوام کے مقامی مسائل بہتر انداز میں حل ہورہے ہیں اور ہماری حکومت نے صحت کے شعبے میں عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی ہے جس کے نتیجے میں صحت سہولت کارڈ کے ذریعے وہ اعلیٰ معیار ی ہسپتالوں میں مفت علاج کرواسکتے ہیں جبکہ تعلیم کے میدان میں سکولوں میں اساتذہ اورفرنیچر ودیگر درکار ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔ اب نہ استاد غیر حاضری کرسکتا ہے اورنہ سکول میں کسی چیز کی کمی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواصلات کے شعبے میں صوبہ میں کئی اہم شاہراہیں تعمیر ہورہی ہیں ۔اگر ایک طرف سی پیک ہمارے صوبے کی تقدیر بدلنے کا پیش خیمہ ثابت ہوگاتو دوسری طرف سوات ایکسپریس وے کا عظیم منصوبہ جوصوبائی سطح کا اپنی نوعیت کا پہلا موٹروے منصوبہ ہے ملاکنڈ ڈویژن کو صوبے کے دیگر میدانی اورشہری علاقوں کے ساتھ مربوط کرے گااور اس روٹ کے ذریعے ملک وصوبے کاآسان راستے سے وسطی اشیاء اورچین تک مواصلاتی وتجارتی رابطہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے ملاکنڈ ڈویژن میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کاآغاز ہوگا اور صوبے کا یہ حصہ تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کامنبع بن جائے گا۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ ہم نے ہرسطح پر غریب عوام کی بھلائی کے لئے آواز اٹھائی ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام اپنے مسائل کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کی طرف راغب ہورہے ہیں جبکہ آئندہ انتخابات میں ہماری پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے اجتماعات کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والے ورکرز کو مبارکباد پیش کی اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ شمولیت اختیار کرنے والوں نے کہاکہ آئندہ کے لئے ان کاجینامرنا جماعت اسلامی کے ساتھ ہوگا