عالمی یوم قلب آج منایا جائے گا
ملتان(وقائع نگار) عالمی یوم قلب آج 29ستمبر 2017کو ملتان سمیت دنیا بھر(بقیہ نمبر25صفحہ12پر )
میں منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد لوگوں کو دل کے امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے شعور آگہی پیدا کرنا ہے۔ ملک بھر میں تقریبات مذاکرے ، سیمینار منعقد ہوں گے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سیگریٹ نوشی ، شراب نوشی، جسمانی مشقت کا فقدان مرغن چکنائی والی غذاء کا استعمال ، ہائی بلڈ پریشر ، شوگر و دل کے امراض کے سبب بنتے ہیں ۔ سیگریٹ و شراب نوشی سے گریز ، ورزش، چہل قدمی کو معمول بنانے، صحت بخش، سادہ خوراک، سبزیوں ، پھلوں کا استعمال ، ذہنی تناؤ سے اجتناب کرکے دل کی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ دنیا میں روزانہ 48ہزار افراد دل کی بیماریوں کی وجہ سے فوت ہوجاتے ہیں۔ پاکستان دل کی بیماریوں کی وجہ سے دنیا بھر میں 9ویں نمبر پر ہے۔ اگر دل کے امراض سے ہونے والی اموات پر قابو نہ پایا گیا تو 30فیصد سالانہ 2کروڑ 36لاکھ افراد فوت ہوں گے۔ دریں اثناء پاگل کتے کے کاٹنے کا عالمی دن جمعرات کے روز منایا گیا۔ مزید برآں عالمی یوم قلب کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی واک اور سیمینار ہوگا۔ جسکی قیادت پروفیسر رانا الطاف کریں گے۔