پولیس پر شہریوں کا اعتماد بحال کرونگا: آر پی او
ملتان(شیخ ارسلان سے)ریجنل پولیس آفیسرملتان ڈی آئی جی ادریس احمد نے کہا (بقیہ نمبر20صفحہ12پر )
ہے کہ محرم الحرام کے دوران ملتان ریجن کی سیکورٹی سخت ترین کی گئی ہے۔جس کی مانیٹرنگ وہ خود روزانہ کی بنیادپر فیلڈ میں جا کر کرتے ہیں۔پولیس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے،اور اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے " روزنامہ پاکستان" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے۔اس منصوبے کے تحت شہر میں تین ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے جائینگے۔جس سے جرائم پیشہ عناصرکا قلع قمع کرنے میں مدد ملے گی۔ایک سوال کے جواب میںآرپی او ملتان ادریس احمد کا کہنا تھا کہ محرم کے بعد ڈولفن فورس ملتان میں فعال ہوجائے گی ، فورس کے جوانوں کی ٹریننگ مکمل ہوگئی ہے۔، پاسنگ آوٹ پریڈ ہونا باقی رہ گئی ،ڈولفن فورس کے زیر استعمال بائیکس اور دیگر آلات ملتان پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔امید ہے کہ یہ فورس سٹریٹ کرائم کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ان کی مانیٹرنگ بھی ازخود کروں گا۔آر پی او ملتان کا کہناتھا کہ پولیس پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اب پولیس پہلے جیسی نہیں رہی۔اس فورس میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔پولیس کی اصلاح کے لیے میڈیا نے بھی اپنا کردار بخوبی ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں ،ایسے عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔کمیونٹی پولیسنگ اور میریٹ میری اولین ترجیحات میں سے ہیں۔میرے دفتر کے دروازے ہر خاص اور عام شہری کے لیے کھلے ہیں۔ایک عام شہری میرے لیے اتنا ہی معتبر ہے جتنی کوئی وی آئی پی شخصیت ہے۔