سڑکوں کی بہتری کیلئے 90ارب مختص کیے: اقبال چنڑ
بہاولپور(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب(بقیہ نمبر55صفحہ7پر )
نے صوبہ بھر میں روڈ انفراسٹرکچرکی بہتری اور اسے جدید خطوط وتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 90ارب 70کروڑ روپے کے فنڈزمختص کئے ہیں ۔ اس خطیر رقم سے صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2651روڈسیکٹر کے منصوبہ جات مکمل کئے جا رہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے مسلم لیگی ورکرز وعہدیداران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے روڈ نیٹ ورک کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ 45ارب34کروڑ 70لاکھ روپے سے جدید روڈ نیٹ ورک کے 1943نئے منصوبہ جات شروع کئے جا رہے ہیں جبکہ 45ارب35کروڑ20لاکھ روپے روڈ انفراسٹرکچر کی 708جاری ترقیاتی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے ۔ان منصوبہ جات کی تکمیل سے صوبہ بھر کے کروڑوں شہریوں کونہ صرف آمدورفت کے لئے جدید اور معیاری روڈ نیٹ ورک میسر آئے گابلکہ دیہی ودوردراز علاقوں میں رہنے والے کسانوں وکاشتکاروں کو اپنی اجناس کومارکیٹ تک لانے کے لئے درپیش مشکلات سے نجات دلانے میں بھی مدد ملے گی۔