مہمند ایجنسی ،پک اپ میں آتشزدگی ،ڈرائیور زخمی
مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، غلنئی مین روڈ پر چلتی پک اپ نے آگ پکڑ لی۔ ڈرائیور زخمی۔ چاندہ پل کے قریب ٹریکٹر کی ٹرالی سے دو موٹر سائیکل سوار زخمی۔ مجروحین ہسپتال منتقل۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے ٹریکٹر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں جمعرات کے روز مین روڈ غلنئی بازار کے قریب چلتی پک اپ نے وائرنگ شارٹ ہونے کے سبب اچانک آگ پکڑ لی۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیور کا ہاتھ جھلس کر بری طرح زخمی ہوگیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھا دی۔ دوسرا واقعہ تحصیل حلیمزئی چاندہ پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ٹریکٹر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سکول ٹیچر طارق ولد اختر جان اور نصرالہ ولد اصلاح الدین شدید زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے ٹریکٹر ڈرائیور کو گرفتار کر کے غلنئی لاک اپ میں بند کر دیا اور تینوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔