اشیاء خوردونوش تک عوام کی رسائی آسان بنائی جائے ،سہیل انور سیال

اشیاء خوردونوش تک عوام کی رسائی آسان بنائی جائے ،سہیل انور سیال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے زراعت سہیل انور خان سیال نے سبزیوں اور پھلوں سمیت تمام اشیا ء خوردونوش کی عوام تک رسائی یقینی اور آسان بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری زراعت، ڈی جی ایکسٹینشن اور محکمہ پرائز کنٹرول کے اعلی افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور خان سیال کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں سبزیوں ، پھلوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت سندھ کا اولین مقصد ہے اور ٹماٹر کے موجودہ بحران پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔سیکرٹری زراعت نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں سے فصلوں کی تباہی کے سبب ٹماٹر کی قلت کا مسئلہ درپیش آیا ہے تاہم عوام کی سہولت اور فوری ریلیف کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان اور ایرانی ٹماٹر مارکیٹ میں پہنچادیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں ٹماٹرکی فی کلوگرام قیمت120سے 140روپئے ،پنجاب میں200 سے 250روپئے ،بلوچستان میں80سے90روپئے جبکہ خیبرپختونخواہ میں150سے 160روپئے فی کلوگرام تک مارکیٹ میں فروخت ہورہا ہے انہوں نے مذید بتایا کہ بلوچستان میں ٹماٹر کے نرخ کم ہونیکی وجہ محفوظ اور اچھی پیداوارہے ۔صوبائی وزیر زراعت نے اس امر پر زور دیا کہ سستی اور معیاری اشیا کی فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور گراں فروشی اور غیر قانونی بازاروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محمکہ پرائسز کنٹرول باہمی مشاورت سے کاروائی کی حکمت عملی ترتیب دے ۔سہیل انور خان سیال نے ہدایات جاری کیں کہ تمام علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سے رابطہ کرکے بچت بازاروں سبزی پھل مارکیٹوں اور اشیائے خورد نوش کے دیگر بازاروں پر چھاپہ مارکاروائیاں کریں اور سرکاری قیمتوں پر ایسی تمام اشیاء کی فروخت اور نرخ نامہ آویزاں کرنیکا انھیں باقاعدہ پابند بنائیں بصورت دیگر گراں فروشوں کے خلاف ٹھوس عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔