آل پاکستان بزنس فورم کی یونیڈو کو تعاون کی پیشکش

آل پاکستان بزنس فورم کی یونیڈو کو تعاون کی پیشکش

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)آل پاکستان بزنس فورم نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (یونیڈو) کی جانب سے ملک بھر میں جامع کاروباری کلینکس (آئی بی سی) کے آغاز کے لئے قابل قدر اقدامات کو سراہا ہے جن کا مقصد کاروباری افراد کو نئے کاروبار کے قیام یا ان کے موجودہ کاروبار کو تیزی سے فروغ دینے میں مدد دینا ہے۔ آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے اس اقدام میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (یونیڈو) کی جانب سے یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ یہ تجربہ کاروباری ماڈلز کے معیار میں بہتری اور نوجوان کاروباری افراد کو زیادہ ضروری مہارت، علم اور معلومات سے ان کے کاروبار کو پروان چڑھانے کے لئے طویل عرصہ کے لئے لیس کرے گا جبکہ تکنیکی ماہرین کے ساتھ پیداواری رابطوں کو فروغ دے گا۔ ابتدائی مرحلے میں یونیڈو نے لاہور میں جامع کاروباری کلینک (آئی بی سی) کا انعقاد کیا جہاں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد اور کاروبار کا آغاز کرنے والے اداروں کو تربیت فراہم کی گئی جنہوں نے گلوبل کلین ٹیک انوویشن پروگرام (جی سی آئی پی) کے تحت ایوارڈ 2017ء کے لئے کامیابی حاصل کی۔اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک ایسا ہی جامع کاروباری کلینک (آئی بی سی)اسلام آباد میں بھی منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے صنعتی ترقی (یونیڈو) ایک اور جامع کاروباری کلینک کراچی میں بھی جلد ہی منعقد کرے گا۔ گلوبل کلین ٹیک انوویشن پروگرام اس وقت پاکستان سمیت 12 ممالک میں کام کر رہا ہے اور اس کی بنیادی توجہ وعدوں کو فروغ دینے اور قابل عمل کلین ٹیکنالوجی کے آغاز سے صنعتی ترقی کی جانب مرکوز ہے جہاں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو تربیت، رہنمائی اور سرمایہ کاری کے مواقع تک رسائی کے ساتھ بااختیار بنایا جاسکے۔جامع اور پائیدار صنعتی ترقی کی حمایت کے ارادہ کے ساتھ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (یونیڈو) نے عالمی ماحولیاتی سہولت کے ادارے (جی ای ایف) کے ساتھ عالمی ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے شراکت داری کی ہے۔ یونیڈو توسیع پذیر اور سستے طریقوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو متعدد ممالک کو ایک بہتر اور زیادہ محفوظ معیشت کے قابل بناتے ہیں۔ آل پاکستان بزنس فورم (اے پی بی ایف) ایک متحرک کاروباری تنظیم ہے جو کاروباری برادری اور صنعت کے مفادات کے تحفظ کو فروغ دیتی ہے۔ سرکاری شعبہ سے متعلق پالیسی سازی اور معیشت کے تجارتی و صنعتی شعبوں میں عمل درآمد کے لئے تجاویز اور مشورے فراہم کرتی ہے۔ آل پاکستان بزنس فورم پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولیات اور معیارات کی ترقی میں مسلسل مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -