آزاد کشمیر میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سینٹر قائم کیا جائے،لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات
مظفرآباد(بیورورپورٹ)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سینٹر قائم کیا جائے ۔ قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مقامی کمیونٹی کی تربیت کا اہتمام کیا جائے ۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تمام ضروریات پوری کریں گے ۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی دیگر صوبوں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھے اور قدرتی آفات سے بچاؤ اور پلاننگ کو موثر بنائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مظفرآباد کے دورہ کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی نے اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو آزاد کشمیر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس خالد محمود مرزا، ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے راجہ سجاد قمر ، سعید قریشی ، اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ایک بڑا مسئلہ ہے ۔لینڈسلائیڈنگ کو بروقت ہٹانے کے لیے محکمہ کو ضرورت کے مطابق مشینری فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کے عملہ کو بم ڈسپوزل ٹریننگ کرائی جائے تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہو اس سلسلہ میں پاکستان آرمی کے تعاون سے سول ڈیفنس کے اہلکاروں کو تربیت کروائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ایس ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی اور ایس ڈی ایم اے کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کی سطح پر معاملات کو یکسو کروانے کے لیے بھی ایس ڈی ایم اے کی بھر پور مدد کریں گے ۔