مسئلہ کشمیر دوکروڑعوام کے حق خودارادیت کامعاملہ ہے،سجادخان

مسئلہ کشمیر دوکروڑعوام کے حق خودارادیت کامعاملہ ہے،سجادخان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ دو کروڑ سے زائد عوام کے حق خوداردیت کا سوال ہے ۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام انسانی حقوق کی بنیاد ہی حق خودارادیت ہے۔ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے۔ ہندوستان کی مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوششوں کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 14ویں پبلک پالیسی اینڈ گورننس کورس لاہور کے فیکلٹی ممبران اور شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد سجاد خان نے وفد کو بتایا کہ ہندوستان کا کشمیر پر قبضہ تقسیم برصغیر کے اصولوں کے خلاف ہے ۔ الحاق ہندوستان کی دستاویز من گھڑت ہے ۔ آج تک ہندوستان اس کی اصل کاپی کسی عالمی فورم پر پیش نہیں کر سکا ۔ قانون آزادی ہند کے آرٹیکل 07کے تحت جب15اگست کو حکومت برطانیہ اور شاہی ریاستوں کے معاہدے ختم ہو گئے تھے تو مہاراجہ ہری سنگھ کس اختیار کے تحت معاہدہ کر سکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 19جولائی 1947 ؁ء کو اپنی منزل پاکستان کو قرار دیا تھا ۔ مذہبی اور جغرافیائی لحاظ سے بھی کشمیر کا الحاق پاکستان سے بنتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے بیرون ملک اور اندرون ملک مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔ علاقائی امن و سلامتی کے لئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بہتریں روڈمیپ مہیا کرتی ہیں ۔ کشمیری عوام ان قراردادوں کے مطابق حل کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ برہان وانی شہید کی شہادت کے بعد پر امن مظاہرین پر جس طرح بیلٹ گن کا استعمال کیا گیا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں سے بینائی چھین لی گئی ۔ راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ کشمیری عوام کو ہندوستان کے مظالم حق خودارادیت کے مطالبہ سے روک نہیں سکتے ۔ کشمیری پر عزم ہیں ۔ ہندوستان سے آزادی اور پاکستان سے الحاق ہر کشمیری کا عزم ہے ۔کشمیری 8لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پاکستان کا پرچم لہراتے ہیں اور پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیر کے مسئلہ کو اٹھایا اس سے کشمیریوں کو نیا ولولہ ملا ہے ۔ وفد کے ممبران نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے جن کے ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل نے جوابات دیئے۔ وفد کے سربراہ عمر فاروق علوی ڈائریکٹر اکیڈمکس نے ادارہ کی طرف سے ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل کو شیلڈ پیش کی۔ جموں وکشمیر لبریشن سیل کی طرف سے بھی وفد کو شیلڈ اور لٹریچر پیش کیا گیا۔