سعودی عرب پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریگا ‘ سعید احمد المالکی

سعودی عرب پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریگا ‘ سعید احمد المالکی

  

اسلام آباد (پ ر)سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030ء کے تحت سعودی عرب پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے کا آغاز کرے گا ۔اعلی سطحی سعودی وفد منصوبہ کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے جمعرات کوسعودی سفیر سے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے کہاکہ جدید معاشی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا اقتصادی ومعاشی ترقی کا انقلابی منصوبہ ویژن 2030ء روبہ عمل ہے۔نواف سعید احمد المالکی نے کہاکہ سعودی عرب چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور گوادر بندرگاہ میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے۔ محمد علی درانی نے سعودی عرب کے قومی دن پر ایک یادگار تقریب کے انعقاد پر سفیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی قیادت اور عوام کو مبارک اور خیرسگالی کا پیغام دیتی ہے۔محمد علی درانی نے حج2017ء کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایران سمیت دنیا کے کونے کونے سے آنے والے حجاج نے بہترین خدمات کو سراہا جو خوش آئند ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -