کابل میں سہ فریقی مذاکرات کا دورسا دور، مختلف شعبوں میں تعاون پر پاک چین افغان اتفاق
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان، چین اور افغانستان نے سہ فریقی عملی تعاون پر عملدرآمد کیلئے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اتفاق رائے گزشتہ روز کابل میں دوسرے دو روزہ سہ فریقی عملی تعاون مذاکرات کے اختتام پر پایا گیا، اجلاس میں سہ فریقی عملی تعاون کے مقاصد، اصولوں اور شعبوں سے متعلق بحث کی گئی جبکہ عملی تعاون کے مخصوص منصوبوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ تینوں ملکوں نے اہم شعبوں پالیسی کمیونیکیشن، انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورسز اور عوامی سطح پر بادلی پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق تینوں فریقین نے اتفاق کیا کہ سہ فریقی عملی مذاکرات کا مقصد افغانستان کی اقتصادی ترقی اور پرامن مصالحت کی حمایت اور تینوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینا اور تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ افغانستان کی وزارت خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ترقیاتی تعاون مصطفی آریا نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چینی وزارت خارجہ امور کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیائی امور ژیاﺅ جیان اور وزارت خارجہ امور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل (شعبہ افغانستان) منصور احمد خان نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر افغانستان کے نائب وزیرخارجہ ناصر احمد اندیشہ نے تینوں وفود کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ تینوں فریقوں نے روابط بڑھانے، افغانستان کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کابل کو چین اور پاکستان کی جانب سے تعاون کی فراہمی، سہ فریقی کو آپریشن پراجیکٹس پر پیشرفت اور سہ فریقین کو آپریشن منصوبوں کیلئے سکیورٹی کی فراہمی پر اتفاق کیا۔