پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں:ہائی کورٹ کے ریمارکس

پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری عہدوں پر رہنے کے اہل ...
پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں:ہائی کورٹ کے ریمارکس

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ میں من پسند افراد کی بھرتیوں اور سرکاری اراضی کی مبینہ بندر بانٹ کے خلاف دائر درخواست پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی.

میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، خواجہ آصف سمیت سب کو عدالتوں میں لے کر جاوں گا:عمران خان

مسٹر جسٹس علی اکبر قریشی نے اس سلسلے میں اعظم وڑائچ نامی شہری کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران خبر دار کیا کہ آئندہ تاریخ سماعت پر عدالت کو مطمئن نہ کیا گیا تو چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کیا جائے گا،فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری کی ملی بھگت کے باعث سرکاری زمینوں پرغیر قانونی قبضہ برقرار ہے اوردونوں افسراپنے عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیا رکیا کہ پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ میں سرکاری اراضی کی بندر بانٹ کر کے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، بورڈ میں خلاف قانون بوگس بھرتیاں کی گئیں اور من پسند افراد کو نوازا گیا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ میں 4 افسروں محمد سلیم، مجاہد اقبال، رانا یوسف اور محمد خالد کی تعیناتیاں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی ہیں، ان افسران کی بھرتی کے لئے اخبار اشتہار بھی جاری نہیں کیا گیا جبکہ مذکورہ افسران کی تعیناتی میرٹ سے ہٹ کر نوازنے کے لئے کی گئی ہے۔ لیکویڈیشن بورڈ کے وکیل کے مبہم جواب کو عدالت نے مسترد کردیا، عدالت نے مزیدریمارکس دیئے کہ بورڈ نے آج تک سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لئے نوٹس دینے کے علاوہ کوئی عملی اقدام نہیں کیا اورنہ ہی سرکاری جائیداد کا کرایہ وصول کیا ۔غیر قانونی قابضین کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی ہوئی اور نہ ہی انہیں بے دخل کیا گیا۔ عدالت نے پنجاب کوآپریٹولیکویڈیشن بورڈ کی جائیدادوں کی تفصیل اوربھرتی کئے جانے والے ملازمین کی فہرست طلب کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ اگر عدالت کو مطمئن نہ کیا گیا تو چیف سیکرٹری پنجاب کوطلب کیا جائے گا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6اکتوبر پر ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیکرٹری بورڈ جواب سمیت خود عدالت میں پیش ہوں۔

مزید :

لاہور -