واسا افسران کے رویئے نے شہریوں کو عذاب میں ڈال رکھا ہے:ہائی کورٹ
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے وااسا کو ابلتے گٹروں سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا کہ سیوریج کی بندش کے نتیجے میں پانی سڑکوں پر آنے سے شہری خوار ہوتے ہیں مگر واسا اور متعلقہ اداروں نے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنا اپنا وتیرہ بنا رکھا ہے۔
جسٹس شہباز رضوی نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار احمد علی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیا رکیا کہ سیوریج کا پانی کھڑا رہنے سے گلیوں، بازاروں میں سے گزرنا محال ہو چکا ہے مگر شکایت کرنے پر ایک ٹاﺅن کی انتظامیہ دوسرے ٹاﺅن بھجوا دیتی ہے، انہوں نے کہا کہ واسا کی جانب سے نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کی بہتری کے لئے اقدامات نہیں کئے جا رہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ واسا افسران کے رویئے نے شہریوں کو عذاب میں ڈال رکھا ہے، شہری دھکے کھاتے پھرتے ہیں مگر کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، واسا کے وکیل اعجاز محمود چودھری نے عدالت کو بتایا کہ بڑے پلاسٹک بیگزپھنسنے کے نتیجے میں سیوریج سسٹم بند ہوتا ہے، شہریوں کی شکایات موصول ہوتے ہی اسے درست حالت میں لایا جاتا ہے، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے شہریوں کی شکائت موصول ہوتے ہی اس کا ازالہ کرنے کی ہدایت کر دی۔