”نیب نے مولانا فضل الرحمان کو کوئی نوٹس ہی نہیں بھیجا “نجی ٹی وی نے بڑا دعویٰ کر دیا
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ٹی وی سماءنیوز نے دعویٰ کیاہے کہ نیب نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے آمد ن سے زائد اثاثوں کے الزام میں فضل الرحمان کو نوٹس دینے سے انکار کر دیاہے ۔
نجی ٹی وی سماءنیوز کے مطابق نیب کا کہناہے کہ انہوں نے قائد جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی فضل الرحمان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل میڈیا میں یہ خبر آئی تھی کہ مولانا فضل الرحمان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے پوچھ گچھ کیلئے پشاور دفتر میں طلب کر لیاہے اور انہیں یکم اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔مولانا فضل الرحمان نے نیب کی جانب سے کسی بھی قسم کا کوئی نوٹس موصول ہونے کی خبروں کی تردید کی تھی ۔
مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر اب نیب کی جانب سے اعلامیہ بھی سامنے آ گیاہے جس میں قومی احتساب بیورو نے بعض میڈیا رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کے صدر مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب خیبر پختون خواہ میں انکوائری جاری ہے ، انہیں قانون کے مطابق موقف معلوم کرنے کیلئے نیب بلایا جائے گا ۔