خلائی مخلوق کے ہاتھوں اغوا ہونے کا دعویٰ کرنے والے سب سے پہلے جوڑے کی حیران کن کہانی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک طرف لوگوں میں خلائی مخلوق کے وجود پر ہی بحث جاری ہے اور دوسری طرف دہائیوں سے لوگ خلائی مخلوق کے ہاتھوں اغواءہونے کے انکشافات کرتے اور اپنی حیران کن کہانیاں سناتے آ رہے ہیں۔ آج ہم آپ کو خلائی مخلوق کے ہاتھوں اغواءہونے کا دعویٰ کرنے والے ابتدائی جوڑے کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ جوڑا برنی اور بیٹی ہل ہیں جنہیں مبینہ طور پر 1961ءمیں خلائی مخلوق نے اغواءکیا۔ برنی اور بیٹی نیوہیمپشر کے وائٹ ماﺅنٹینز میں ایک مضافاتی روڈ پر گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب انہیں اغواءکیا گیا۔
برنی اور بیٹی نے اس واقعے کے متعلق بتایا کہ وہ سڑک پر گاڑی میں آگے بڑھ رہے تھے اور ایک پراسرار روشنی ان کا پیچھا کر رہی تھی۔اس کے بعد کیا ہوا، ابتدائی طور پر وہ اس کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر رہے۔ وہ کچھ گھنٹوں کے لیے غائب رہے، جب واپس ہوش میں آئے تو ان کے کپڑے پھٹے ہوئے اور گرد آلود تھے اور ان دونوں کی گھڑیاں رکی ہوئی تھیں۔بعد ازاں ہپنوسس (Hypnosis) کے ذریعے ان کی اس وقت کی یادداشت واپس لائی گئی تو انہیں یاد آیا کہ کوئی عجیب الخلقت مخلوق ’ڈِسک‘ کی شکل کے ایک جہاز میں انہیں لے گئی ۔ یہ جہاز اتنا کشادہ تھا جتنا کہ ان کا گھر۔ وہاں خلائی مخلوق کے کئی افراد موجود تھے جنہوں نے ان دونوں کا معائنہ کیا اور پھر ان کے ذہنوں سے اس وقت کی یادیں ختم کر دیں۔
ناقدین نے اس وقت ان کی کہانی کو جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ ان کی کہانی 1953ءمیں ریلیز ہونے والی ایک فلم کی کہانی سے مشابہت رکھتی ہے جس میں مریخ سے ایک مخلوق زمین پر حملہ آور ہوتی ہے۔ بہرحال ہپنوسس کے زیراثر حیران کن طور پر برنی اور بیٹی نے ایک جیسی کہانی سنائی، جس سے کئی لوگ ان کی کہانی کو درست بھی مانتے ہیں۔