آئین واضح، کوئی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بن سکتا، حافظ طاہر اشرفی

آئین واضح، کوئی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بن سکتا، حافظ طاہر اشرفی
آئین واضح، کوئی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بن سکتا، حافظ طاہر اشرفی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا، سیاست کے لئے مذہب کا استعمال جرم ہے، سیلاب زدگان کی امداد پر دوست ممالک کے مشکور ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ، وطن عزیز پاکستان میں رہنے والے پاکستانیوں کو ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک واضح پیغام ہے کہ رسول اکرمﷺ رحمت اللعالمین ہیں اور ان کا پیغام امن، محبت، رواداری اور مظلوموں، ضعفا کا خیال رکھنا ہے، پوری قوم اور پوری امت سے گزارش کرتا ہوں کہ ان ایام میں جہاں ہم نے سیرت مصطفی ﷺ کا پیغام پہنچانا ہے وہاں اس پر عملدرآمد بھی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان آپس میں بھائی ہیں اور اسی طرح فرمایا گیا کہ مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں، جسم کے کسی بھی حصے میں تکلیف ہو تو پورے جسم میں تکلیف ہوتی ہے۔ اس وقت پاکستان میں ستر فیصد سیلاب زدگان بھائی اور بہنیں مصائب و مسائل کا شکار ہیں، ان کی مدد کے لئے آگے بڑھیں۔ سیلاب کے حوالے سے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، یورپی ممالک، برطانیہ، امریکہ، اومان، قطر، کویت، ترکی سے امداد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کے تحت ماہ ربیع الاول میں خطبات جمعہ میں رحمت اللعالمین ﷺ کے حوالے سے موضوعات ہوں گے جن میں انسانیت کی بھلائی، اسلام میں خواتین اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا، جے یو آئی ٹرانس جینڈر ایکٹ کے حوالے سے ایک جامع بل لا رہی ہے۔ 

مزید :

قومی -